بی بی آصفہ بھٹو زرداری انٹر ڈویژن ویمنزہاکی چیمپئن شپ کراچی نے جیت لی

بینظیر آباد کو شکست ،ڈی سی بے نظیر آباد عبدالصمد نظامانی ، میئرقاضی رشید بھٹی اورڈپٹی میئرمبشرآرائیں نے انعامات دئیے

منگل 5 اگست 2025 22:59

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اگست2025ء)کراچی ڈویژن نے بی بی آصفہ بھٹو زرداری آل سندھ انٹر ڈویژن پنک ہاکی چیمپین شپ جیت لی ،فائنل میں میزبان ڈویژن بے نظیر آباد کو شکست ہو گئی۔سکھر نے تیسری پوزیشن حاصل کی ۔صوبائی وزیر کھیل سردار محمد بخش خان مہر اورصوبائی سیکریٹری اسپورٹس منورعلی مہیسر کے احکامات کی روشنی میں ڈسٹرکٹ اسپورٹس آ فس شہید بینظیر آ باد محکمہ اسپورٹس گورنمنٹ آ ف سندھ کے زیر انتظام شہید بے نظیر بھٹو ہاکی اسٹیڈیم نواب شاہ میں منعقدہ تین روزہ چیمپئن شپ کے تیسرے روز فائنل اور تیسری پوزیشن کا میچ کھیلا گیا ۔

عبدالرحیم راجپوت ڈسٹرکٹ اسپورٹس آ فیسر شہید بینظیر آ باداور ڈویژنل کوآرڈینیٹر اسپورٹس کے مطابق چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر شہیدبے نظیر آبادعبدالصمد نظامانی تھے جنہوں نے میئر نواب شاہ قاضی عبدالرشید بھٹی اور ڈپٹی میئر چوہدری مبشر آرائیں کے ہمراہ فاتح اور رنر ٹیموں میں ٹرافیز تقسیم کیں اور کھلاڑیوں کو میڈلز پہنائے۔

(جاری ہے)

اعزازی مہمانان گرامی میں ٹائون چیئر مین ایچ ایم خواجہ سیدعاطف حسین زیدی ،چیئر مین اولڈ نوابشاہ ٹائون حیات کاکیپوٹہ،ارشد قریشی ڈسٹرکٹ اسپورٹس کمیٹی کو آرڈینیٹر،شبیر احمد چانڈیو ،آرگنائزنگ سیکریٹری سید حسن عسکری،بینظیر پبلک اسکول کی پرنسپل میڈم مہدیہ،بلاول اسپورٹس کمپلیکس کے انچارج فدا حسین ڈاہری،اسپورٹس آرگنائزر شاہد رانااور دیگر شامل تھے۔

مہمان خصوصی کا کہنا تھا کہ بے نظیر آباد ڈویژن میں اسپورٹس کے ایونٹس کا تواتر کے ساتھ انعقاد کیا جارہا ہے جو خوش آئند ہے ،والی بال کے بعد ہاکی کی صوبائی چیمپئن شپ کے کامیاب انعقاد پر میں محکمہ کھیل سندھ اور ڈی ایس او بے نظیر آباد عبدالرحیم راجپوت کو مبارک باد پیش کرتا ہوں اور مستقبل کے ایونٹس کے لئے اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلاتا ہوں ۔

قبل ازیں ڈی ایس اور عبدالرحیم راجپوت نے چیمپئن شپ کی رپورٹ پیش کی ۔فائنل میں یکطرفہ مقابلہ دیکھنے میں آیا کراچی نے بے نظیر آباد کو10-0سے شکست دی۔فاتح ٹیم کی جانب سے ماہین نے چار گول کئے اور ٹاپ اسکورر رہیں جبکہ حمنا ندیم نے تین ،مومل نے دو اور عائشہ نے ایک گول اسکور کیا ۔فائنل کے دوران گزشتہ ماہ نواب شاہ کی خاتون کھلاڑی مشال بلوچ مرحوم کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور ان کے ایصال ثواب کے لئے دعا بھی کروائی گئی ۔اس سے قبل کھیلے گئے تیسری پوزیشن کے میچ میں سکھر نے دل چسپ مقابلے کے بعد لاڑکانہ کو2-1سے ہرا کر برانز میڈ ل جیتا ۔ایونٹ میں لاڑکانہ نے چوتھی ،میر پور خاص نے پانچویں اور حیدرآباد نے چھٹی پوزیشن حاصل کی ۔