سوات میں یومِ استحصالِ کشمیر عقیدت و احترام اور کشمیری عوام سے بھرپور یکجہتی کے ساتھ منایا گیا

ضلعی انتظامیہ سوات کی جانب سے اس موقع پر ایک ریلی کا انعقاد ،کشمیر کی آزادی اور حقِ خودارادیت کے حق میں فلک شگاف نعرے

منگل 5 اگست 2025 20:35

سوات(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اگست2025ء)سوات میں یومِ استحصالِ کشمیر عقیدت و احترام اور کشمیری عوام سے بھرپور یکجہتی کے ساتھ منایا گیا۔ 2019 کے بھارتی اقدام، جس کے تحت مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کی گئی، کے خلاف اس دن کو یومِ سیاہ کے طور پر منایا جاتا ہے۔ضلعی انتظامیہ سوات کی جانب سے اس موقع پر ایک ریلی کا انعقاد کیا گیا جس کی قیادت ڈپٹی کمشنر سلیم جان مروت اور ڈی پی او محمد عمر نے کی۔

ریلی کے آغاز پر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی، جس کا مقصد مظلوم کشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی تھا۔ریلی میں اسسٹنٹ کمشنر بابوزئی ارحم مختار، ایڈیشنل اے سی عمران علی شاہ، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر رفیع اللہ، پولیس، محکمہ تعلیم، سول ڈیفنس، ٹی ایم اے بابوزئی، اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی، محکمہ امورِ نوجوانان سمیت مختلف محکموں کے افسران، سرکاری اسکولوں کے اساتذہ، طلبہ و طالبات اور شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

(جاری ہے)

شرکا نے کشمیری اور پاکستانی پرچم، بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر بھارتی مظالم کے خلاف نعرے درج تھے۔ کشمیر کی آزادی اور حقِ خودارادیت کے حق میں فلک شگاف نعرے بھی لگائے گئے۔ڈپٹی کمشنر سلیم جان مروت نے اس موقع پر کہا کہ ضلع سوات کے عوام کشمیری بھائیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ بھارت گزشتہ چھ سال سے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و جبر کی پالیسی پر گامزن ہے، جو عالمی ضمیر کے لیے لمح فکریہ ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ کشمیری عوام کو ان کا جائز حق، یعنی حقِ خودارادیت، دلانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کیے جائیں۔