رانا احسان افضل خان اور ڈائریکٹر جنرل (ٹیکسٹائل)مدثر رضا صدیقی کی کنٹری ہیڈ لی اینڈ فنگ پاکستان کے نائب صدر سے ملاقات

منگل 5 اگست 2025 21:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2025ء) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے تجارت رانا احسان افضل خان اور ڈائریکٹر جنرل (ٹیکسٹائل)مدثر رضا صدیقی نے کنٹری ہیڈ لی اینڈ فنگ پاکستان کے نائب صدر عمر بن اسد سے ملاقات کی۔ منگل کو جاری پریس ریلیز کے مطابق ملاقات میں پاکستانی برآمد کنندگان اور لی اینڈ فنگ کے عالمی نیٹ ورک کے درمیان ملبوسات اور ٹیکسٹائل مصنوعات کی بین الاقوامی سپلائی چینز میں پاکستان کی پوزیشن کو مضبوط بنانے پر بات چیت کی گئی ۔

ملاقات میں لی اینڈ فنگ اور برآمد کنندگان کے درمیان شراکت داری قائم کرنے، اعلیٰ قدر والی مصنوعات کے فروغ اور پاکستان کو معروف بین الاقوامی برانڈز اور خوردہ فروشوں کے لئے ایک مسابقتی سورسنگ مرکز کے طور پر سامنے لانے پر اتفاق کیا گیا۔

(جاری ہے)

رانا احسان افضل نے نے کہا کہ لی اینڈ فنگ جیسے بین الاقوامی سورسنگ کمپنیوں کے ساتھ شراکت تعاون، جدت طرازی اور سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور پاکستان کے سماجی و اقتصادی اشاریوں کو بہتر بنانے کے لئے اہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سٹیک ہولڈرز اور صنعتکاروں کے لئے سازگار ماحول پیدا کرنے کے لئے مربوط جامع حکمت عملی کے تحت کام کر رہی ہے اور وزارت تجارت چھوٹے و بڑے ہر طرح کے کاروباروں کو سہولیات فراہم کرنے کے لئے کام جاری رکھے ہوئے ہے ۔