79واں یوم آزادی ،پنجاب بھر میں شہروں کو دلہن کی طرح سجا دیاگیا، یہ محض آزادی کا جشن نہیں ، ایک نظریے کی تجدید کا موقع بھی ہے، مریم نواز

منگل 5 اگست 2025 21:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2025ء) وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر(79)ویں یوم آزادی کے سلسلے میں پنجاب بھر میں شہروں کو دلہن کی طرح سجا دیاگیا۔ اس بار اناسیویں یوم آزادی کوحصول آزادی سے تحفظ آزادی کا عنوان دیا گیا ہے۔ بہاولپور،راجن پور، گجرات، لیہ، گوجرانوالہ، جہلم، راولپنڈی، اٹک سمیت مختلف شہروں کو سجانے کا سلسلہ جاری ہے۔

راولپنڈی کے صدر، سیٹلائٹ ٹائون، فیض آباد، چاندنی چوک،راجہ بازار، فوارہ چوک، چیئرنگ کراس اور مری کے مال روڈکو سبز ہلالی پرچموں سے سجادیا گیا۔ گوالمنڈی، موتی بازار، لیاقت روڈ، چکلالہ، سکستھ روڈ، سوینتھ روڈ سمیت دیگر شاہراہوں پر بھی قومی پرچم لہرا دئیے گئے۔ مری روڈ کے دونوں اطراف قومی پرچم، بینر اور آرائشی جھنڈیاں آویزاں کردی گئیں۔

(جاری ہے)

یوم آزادی کے سلسلے میں مختلف شاہراہوں اور چوک چوراہوں پر مشتمل ہورڈنگز اور بڑی بڑی سکرینز بھی آویزاں کی گئی ہیں۔ شہروں کی شاہراہوں پر قومی پرچموں کی بہار میں بچے خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں اور گھروں پر قومی پرچم لہرانے، گاڑیوں پر پرچم اور سٹیکر لگانے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ نوجوانوں اور عام شہریوں نے موٹر سائیکلوں کو بھی قومی پرچم سے سجا لیا۔

سرکاری اور نجی عمارتوں پر چراغاں بھی کردیا گیا، چوراہوں کو برقی قمقوں سے سجا دیاگیا۔ وزیراعلی کی ہدایت پر ہسپتالوں، اولڈ ایج ہومز اور دیگر عمارتوں پر بھی خوبصورت انداز میں چراغاں کیاگیا۔ بڑے شہروں کو جوڑنے والی شاہراہوں پر بھی سکرینز، ہورڈنگز اور قومی پرچم لگائے گئے ہیں۔ جشن آزادی کے سلسلے میں پنجاب بھر میں انتظامیہ اور شہری تنظیمیں بھی متحرک ہیں۔ سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں یوم آزادی کے سلسلے میں مختلف رنگا رنگ تقاریب کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے اس حوالے سے کہا کہ یہ محض آزادی کا جشن نہیں بلکہ ایک نظریے کی تجدید کا موقع بھی ہے۔