یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر ضلعی انتظامیہ پشین کے زیر اہتمام ریلی کا انعقاد

منگل 5 اگست 2025 22:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2025ء) ڈپٹی کمشنر زاہد خان کی ہدایت پر یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر ضلعی انتظامیہ پشین کے زیر اہتمام ریلی کا انعقاد کیا گیا،جس میں کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کیا گیا۔ ریلی کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر پشین نعمت اللہ ترین نے کی جبکہ لائن ڈیپارٹمنٹ کے افسران،سیاسی و قبائلی عمائدین سمیت مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھر پور شرکت کی۔

(جاری ہے)

ریلی کا آغاز ڈاک بنگلہ سے ہوا،جو ڈپٹی کمشنر ریسٹ ہاؤس سے گزرتی ہوئی ایف سی قلعہ پر اختتام پذیر ہوئی۔اختتامی مقام پر مقررین نے کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی حمایت اور بھارتی ہٹ دھرمی کے خلاف خطابات کئے ،اس کے علاوہ ضلع کے مختلف سکولوں کے بچوں نے بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزی اور آرٹیکل 370 کی منسوخی کے خلاف جبکہ کشمیری بھائیوں کی حمایت اور ان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے تقریبات میں حصہ لیا۔