سوڈان میں انسانی بحران میں اضافہ ، اقوامِ متحدہ کا جنگ بندی کا مطالبہ

بدھ 6 اگست 2025 08:50

اقوام متحدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2025ء) اقوام متحدہ نے سوڈان کے شہر ال فاشر میں شدید لڑائی اور محاصرے کا شکار ہزاروں خاندانوں تک انسانی امداد پہنچانے کے لیے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔شنہوا کے مطا بق اقوامِ متحدہ کے دفتر برائے انسانی امور ( اوسی ایچ اے ) کا کہنا ہے کہ وہ وسیع پیمانے پر امداد کی فراہمی اور اقوامِ متحدہ کی مکمل موجودگی کی بحالی کے لیےلڑائی میں وقفہ چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

ادارے نے تمام فریقین سے انسانی بنیادوں پر مکمل رسائی دینے اور عطیہ دہندگان سے مالی امداد میں اضافے کی اپیل کی ہے۔ادارے نے بتایا ہے کہ ال فاشر میں غذائی قلت، گولہ باری، بیماریوں اور نقل مکانی نے انسانی بحران کو شدید کر دیا ہے۔عالمی ادارہ خوراک کے مطابق، شہر میں اشیائے خورونوش کی قیمتیں ملک کے دیگر علاقوں کے مقابلے میں 460 فیصد تک بڑھ چکی ہیں، اور بعض خاندان جان بچانے کے لیے جانوروں کا چارہ کھانے پر مجبور ہیں۔اقوامِ متحدہ کا کہنا ہے کہ وقت تیزی سے ختم ہو رہا ہے، اور فوری اقدامات نہ کیے گئے تو بڑے پیمانے پر انسانی جانوں کا ضیاع ہو سکتا ہے۔