سمبڑیال،محکمہ لائیو سٹاک کی شجر کاری مہم میں لگائے گئے پودوں کی حفاظت کی ہدایت

بدھ 6 اگست 2025 17:08

سمبڑیال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2025ء) محکمہ لائیوسٹاک وڈیری ڈویلپمنٹ سمبڑیال نے مون سون شجر کاری مہم کے دوران تحصیل کے تمام سول ویٹرنری ہسپتالوں میں لگائے گئے پودوں کی مناسب دیکھ بھال کی ہدایت کی ہے ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ لائیواسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ سمبڑیال ڈاکٹر افضل نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن سرسبز و شاداب پنجاب کی روشنی میں تمام محکموں میں شجرکاری مہم جاری ہے، محکمہ لائیو سٹاک کے تمام ملازمین اور شہریوں کو بھی شجرکاری میں نہ صرف اپنا بھرپور کردار اداکرنا چاہئے بلکہ پودوں کو درخت بنانے کی بھی ذمہ داری پوری کرنی چاہیے ۔

انہوں نے کہا کہ طالب علم شجرکاری میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں ،دوسروں کو بھی پودے لگانے اور ان کی نشوونماکی ترغیب دی جائے۔انہوں نے کہا کہ شجر کاری سے ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنے میں مدد ملے گی اور اس کے ماحول پر مثبت اثرات آئیں گے۔انہوں نے مون سون بارشوں کے دوران ویٹرنری ہسپتالوں میں مناسب نکاسی آب اور مکمل صفائی کے انتظام کی بھی ہدایت کی۔