پاکستان مارٹ منصوبہ بین الاقوامی تجارت میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا، ڈی جی نیشنل لاجسٹک سیل

بدھ 6 اگست 2025 18:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2025ء) پاکستان مارٹ ایک انقلابی منصوبہ ہے جو پاکستانی مصنوعات کو عالمی منڈیوں سے جوڑنے کے لیے مستقل، جدید اور جامع پلیٹ فارم ثابت ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار نیشنل لاجسٹک سیل کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل فرخ شہزاد نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر منصوبے سے متعلق پریزنٹیشن دیتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر صدر لاہور چیمبر میاں ابوذر شاد، نائب صدر شاہد نذیر چوہدری، ڈی پی ورلڈ دبئی کے سی ای او عبداللہ ہاشمی ، فخر عالم ، لاہور چیمبر کے ایگزیکٹو کمیٹی ممبران کرامت علی اعوان اور عمران سلیمی نے خطاب کیا۔ ڈی جی این ایل سی نے کہا کہ پاکستان مارٹ منصوبہ پاکستانی برآمدات میں اضافے، بین الاقوامی منڈیوں تک براہِ راست رسائی، اور میڈ ان پاکستان"برانڈ کی عالمی سطح پر شناخت بنانے کے لیے ایک گیم چینجر ثابت ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ جدید ترین منصوبہ دبئی کے تجارتی حب میں قائم کیا جائے گا جہاں سے مشرق وسطی، افریقہ، جنوبی امریکا اور دیگر خطوں تک آسان رسائی ممکن ہوگی جو ایکسپورٹرز کو خریداروں سے براہِ راست جوڑنے کا موقع فراہم کرے گی۔میجر جنرل فرخ شہزاد نے بتایا کہ یہ منصوبہ نیشنل لاجسٹک سیل اور ڈی پی ورلڈ کے اشتراک سے مکمل کیا جائے گا۔ صدر لاہور چیمبر میاں ابوذر شاد نے کہا کہ ایسے منصوبے وقت کی اہم ضرورت ہیں تاکہ پاکستان کے صنعتکاروں اور ایکسپورٹرز کو عالمی معیار کی سہولیات فراہم کی جاسکیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مارٹ منصوبہ پاکستان کی چھوٹی اور درمیانے درجے کی کمپنیوں کے لیے ایک گلوبل لانچنگ پیڈ بن سکتا ہے۔ انہوں نے توقع کا اظہار کیا کہ یہ منصوبہ نہ صرف معیشت کو تقویت دے گا بلکہ پاکستان کا مثبت عالمی تشخص بھی اجاگر کرے گا۔ لاہور چیمبر کے نائب صدر شاہد نذیر چوہدری نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری این ایل سی کے اشتراک سے اس منصوبے کے بارے میں معلوماتی سیشنز منعقد کروانے کو تیا رہے۔