یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں میڈیکل جرنلزم ڈیپارٹمنٹ اور انٹرکالجیٹ کنسورشیم کے قیام کی تقریب

بدھ 6 اگست 2025 18:34

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اگست2025ء)یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں میڈیکل جرنلزم ڈیپارٹمنٹ اور انٹرکالجیٹ کنسورشیم کے قیام کی تقریب منعقد ہوئی۔صوبائی وزیر محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق نے نئے شعبے کا افتتاح کیا۔اس موقع پروائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر خالد مسعود گوندل، صدر پاکستان سوسائٹی آف انٹرنل میڈیسن پروفیسر جاوید اکرم بھی موجود تھے۔

وی سی یو ایچ ایس پروفیسر احسن وحید راٹھور، پرو وی سی پروفیسر نادیہ نسیم اور پروفیسر نوشینہ سلیم نے بھی تقریب میں شرکت کی۔پی ایم ڈی سی جرنلز کمیٹی کے ممبرز شوکت علی جاوید، پروفیسر اختر شیریں اور پروفیسر جمشید اختر بھی شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

الحاق شدہ میڈیکل کالجز کے پرنسپلز اور جرنلز کے ایڈیٹرز بھی تقریب میں موجود تھے۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق نظام صحت کی بہتری کیلئے جدید اصلاحات لائی جا رہی ہیں۔

پنجاب میں نئے ہسپتالوں کی تعمیر مریم نواز شریف کے عوام دوست ویژن کی عکاسی کرتی ہے۔ پاکستانی ڈاکٹرز خصوصی ٹیچنگ کیڈر دنیا میں اپنے فن کا لوہا منوا رہے ہیں۔ ہم ڈاکٹرز کی پیشہ ورانہ قابلیت سے انکار نہیں کرسکتے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ سائنسی اشاعت میں شفافیت اور دیانتداری ناگزیر ہے۔ کنسورشیم سے ایڈیٹوریل ہم آہنگی اور جرائد کا معیار بہتر ہوگا۔

سائنٹیفک ریسرچ کے فروغ کے سفر میں اپنے کالجوں کو بھی ساتھ لے کر چلیں گے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ پالیسی ساز کی حیثیت سے ہمیشہ سیکھنے کی جستجو میں رہتا ہوں۔ پروائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر خالد مسعود گوندل نے کہاکہ ریسرچ کے معیار کے حوالے سے یو ایچ ایس کی یہ کوشش لائقِ تحسین ہے۔تحقیق کی کوالٹی اور سٹینڈرڈ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہونا چاہئے۔

وائس چانسلر پروفیسر احسن راٹھور نے کہاکہ یو ایچ ایس کا نیا اقدام قومی و عالمی اشاعتی معیار کے مطابق ہے۔ وی سی یو ایچ ایس پروفیسر احسن وحید راٹھورنے کہاکہ ہمارا میڈیکل جرنلزم ڈپلومہ کورس باقاعدہ عالمی ادارہ صحت سے منظور شدہ ہے۔ملک میں پہلی مرتبہ میڈیکل جرنلزم کو باقاعدہ شعبہ کا درجہ دیا ہے۔ صدر پاکستان سوسائٹی آف انٹرنل میڈیسن پروفیسر جاوید اکرم نے کہاکہ آبادی کے اعتبار سے دنیا کا تیسرا بڑا ملک بننے جارہے ہیں اور چند میڈیکل جرنلز ہی امپیکٹ فیکٹر رکھتے ہیں۔

یو ایچ ایس کے اس اقدام سے سائنٹیفک ریسرچ کے عالمی منظرنامے میں جگہ بنا پائیں گے۔انڈر گریجویٹ میں میڈیکل رائیٹنگ کا مضمون شامل ہونا چاہئے۔ پرو وائس چانسلر پروفیسر نادیہ نسیم نے کہاکہ اب تک 225 سرٹیفائیڈ ایڈیٹرز تیار کر چکے ہیں۔ پنجاب کے 30 میڈیکل کالجز اپنے سائنٹیفک جرنلز جاری کر رہی ہیں۔بین الاقوامی ایڈیٹوریل ورکشاپ ستمبر میں ایران کے شہر شیراز میں ہوگی۔ یو ایچ ایس کو میڈیکل جرنلزم میں ریجنل سنٹر آف ایکسیلنس بنائیں گے۔