وفاقی حکومت کسی مخصوص علاقے یا قبیلے کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن نہیں کر رہی ، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری

بدھ 6 اگست 2025 18:51

وفاقی حکومت کسی مخصوص علاقے یا قبیلے کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن نہیں کر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2025ء) وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نےکہا ہے کہ وفاقی حکومت کسی مخصوص علاقے یا قبیلے کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن نہیں کر رہی ، انہوں نے ایسے دعوئوں کو بے بنیاد اور قومی اتحاد کو نقصان پہنچانے والا قرار دیا۔بدھ کو قومی اسمبلی میں مختلف اراکین کی طرف سے اٹھائے گئے نکات کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان طویل عرصے سے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے آگے رہا ہے، نہ صرف اپنے شہریوں کو بلکہ پوری دنیا کو بھی عسکریت پسندی کی لعنت سے بچانے کے لئے ایک "آہنی دیوار" کی طرح کھڑا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جہاں دہشت گردی کے واقعات ہوتے ہیں وہاں کارروائیاں کی جاتی ہیں۔

(جاری ہے)

وزیر پارلیمانی امور نے ریاستی اداروں اور قبائلی عوام کے درمیان تقسیم پیدا کرنے کی کوششوں کے خلاف خبردار کرتے ہوئے زور دیا کہ اس طرح کے بیانیے صرف ملک کے دشمنوں کے مفادات کو پورا کرتے ہیں۔ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے اس بات پر زور دیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ ایک اجتماعی قومی جدوجہد ہے جس کے لئے کسی فرقے، صوبے یا نسل کی تفریق کے بغیر اتحاد کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اس لڑائی میں قبائلی عوام کو ان کی قربانیوں پر خراج تحسین پیش کیا اور ملک کے دفاع میں ان کی مشکلات کا اعتراف کیا۔