وزیراعلیٰ پنجاب نے لاہور میں جدید ترین اربن الیکٹرک ٹرام سپراٹانومس ریپڈ ٹرانزٹ چلانے کا افتتاح کردیا

وزیر اعلیٰ نے ایس آر ٹی ٹرام میں علی ٹاؤن سے مسلم ٹاؤن تک روڈ ٹیسٹ کی مانیٹرنگ کی، ایس آرٹی میں 320 مسافروں کی گنجائش، ایک دفعہ چارج کے بعد 40 کلومیٹر سفر طے کر سکتی ہے

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 6 اگست 2025 19:33

وزیراعلیٰ پنجاب نے لاہور میں جدید ترین اربن الیکٹرک ٹرام سپراٹانومس ..
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 06 اگست 2025ء ) عوام کی انتظار کی گھڑیاں ختم، اب لاہور میں جدید ترین سپر اٹانومس ریپڈ ٹرانزٹ چلے گی۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پاکستان کی پہلی اربن الیکٹرک ٹرام”سپر اٹانومس ریپڈ ٹرانزٹ“ میں تجرباتی سفرکرکے باقاعدہ آغاز کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ایس آر ٹی ٹرام میں علی ٹاؤن سے مسلم ٹاؤن تک روڈ ٹیسٹ کی مانیٹرنگ کی۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے ایس آر ٹی کا معائنہ کیا اور موجود سہولتوں کا جائزہ لیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے ایس آر ٹی کے ٹیسٹ کے ڈرائیو کا بھی جائزہ لیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے عام ٹریفک کے درمیان ایس آر ٹی کی رننگ چیک کی۔ رائیونڈ روڈ اور کینال روڈ پر عوام وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو ایس آر ٹی ٹرام میں سفر کرتے دیکھ کر خوشی کا اظہار کرتے رہے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر نے ایس آر ٹی کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ”سپر اٹانومس ریپڈ ٹرانزٹ “ ترکی، چین،ابو ظہبی اور دیگر ممالک میں کامیابی سے چلائی جارہی ہے۔ ” سپر اٹانومس ریپڈ ٹرانزٹ“ میں تین بوگیاں لگائی گئی ہیں جبکہ چار کی گنجائش ہے۔ نورنکو انٹر نیشنل کی جدید ترین ایس آر ٹی میں 320 مسافروں کی گنجائش ہے۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ پہلی مکمل ای ٹرین ”سپر اٹانومس ریپڈ ٹرانزٹ“ ایک دفعہ چارج کے بعد 40 کلومیٹر سفر طے کر سکتی ہے۔ ” سپر اٹانومس ریپڈ ٹرانزٹ“ میں ائیر کنڈیشننگ اور دیگر سہولیات میسر ہوں گی۔ ”سپر اٹانومس ریپڈ ٹرانزٹ “ سے ماحولیاتی آلودگی میں کمی اور ٹریفک میں بہتر ی آئے گی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب کی عوام کے لئے اب ہر روز خوشی کی خبر منتظر ہوتی ہے۔ ایس آر ٹی چلنے سے لاہور کی خوبصورتی دوبالا ہوگی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ جلد ہی گوجرانوالہ اور فیصل آباد کی عوام کو بھی ایس آر ٹی کی خوش خبری ملے گی۔