حکومتی ویژن کے مطابق پاسپورٹ کی بروقت فراہمی ،جدید سیکورٹی فیچرز متعارف ہونا خوش آئند ہے، جام کمال خان

بدھ 6 اگست 2025 21:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اگست2025ء)وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے پاسپورٹ ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا ۔ بدھ کو جاری بیان کے مطابق اس موقع پر ڈی جی پاسپورٹس مصطفی جمال قاضی اور سینئر افسران نے ان کا استقبال کیا۔ دورے کے دوران وفاقی وزیر تجارت نے پاسپورٹ ہیڈ کوارٹرز کے مختلف سیکشنز کا وزٹ بھی کیا اور سٹیٹ آف دی آرٹ پاسپورٹ پروڈکشن کے عمل کا جائزہ لیا۔

ڈی جی پاسپورٹس مصطفی جمال قاضی کی جانب سے جام کمال کو بریفنگ دی گئی،وفاقی وزیر کو جدید پاسپورٹ لیمینیشن اور سیکورٹی فیچرز سے متعلق آگاہ بھی کیا گیا ۔ اس موقع پر ڈی جی پاسپورٹس نے کہا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں شہریوں کے پاسپورٹ بیگ لاک کو صفر کیا گیا ہے، اورسیزپاکستانیوں کو پاسپورٹ کی آسان آن لائن سروسز فراہم کی جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جدید پرنٹنگ اور سٹیٹ آف دی آرٹ دفاتر سے پراسسنگ ٹائم انتہائی کم رہ گیا۔

وفاقی وزیر کی جانب سے جدید پروڈکشن سہولیات کو بھی سراہا گیا۔انہوں نے ڈی جی پاسپورٹس کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ پاسپورٹ بیگ لاک کو صفر کرنا یقینی طور پر ایک بڑا کارنامہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی ویژن کے مطابق پاسپورٹ کی بروقت فراہمی اور جدید سیکورٹی فیچرز متعارف ہونا خوش آئند ہے۔