پنجاب کے کچھ افسران نے بتایا کہ اِن ہاؤس تبدیلی کا کہیں سے بھی اشارہ آسکتا ہے

ایسا ہوا تو ن لیگی ارکان اپنی وفاداری تبدیل کردیں گے، سیاستدانوں کی طرح میڈیا ہاؤسزمالکان ، بیوروکریسی اور اسٹیبلشمنٹ کو بھی اثاثے ظاہر کرنے چاہئیں۔ رہنماء پی ٹی آئی عمرایوب کی گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 6 اگست 2025 23:07

پنجاب کے کچھ افسران نے بتایا کہ اِن ہاؤس تبدیلی کا کہیں سے بھی اشارہ ..
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 06 اگست 2025ء ) پی ٹی آئی کے رہنماء عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ افسران نے مجھے بتایا کہ ان ہاؤس تبدیلی کا کہیں سے بھی اشارہ آسکتا ہے ، ایسا ہوا تو ن لیگی ارکان اپنی وفاداری تبدیل کردیں گے، سیاستدانوں کی طرح میڈیا ہاؤسزمالکان ، بیوروکریسی اور اسٹیبلشمنٹ کو بھی اثاثے ظاہر کرنے چاہئیں۔ انہوں نے جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیف جسٹس سپریم کورٹ کو اس لئے خط لکھا تھا کہ میں دیوار پر لکھا ہوا نظر آرہا تھا، میں چیف جسٹس کو بتا دیا تھا کہ شبلی فراز اور مجھے سزا ہونے والی ہے۔

مجھ پر مقدمات ہیں ان کی مرضی چلے تو ہم سب کو ختم کردیں اور دفن کردیں۔ عمر ایوب نے کہا کہ میں دو حقائق پر جواب دوں گا، ایک بزرگ خاتون ریحانہ ڈار کو گھسیٹ کرپولیس گاڑی میں ڈالا گیا، کارکنان کے گھروں میں چھاپے پڑیں ہیں، لوگوں کواٹھایا گیا ہے، یہ سب کچھ ان کے آئی جی پنجاب نے کیا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ پنجاب کون سے آئین قانون کی بات کررہی ہیں، کونسی کارکردگی ہے؟ پاکستان میں اگرفری اینڈ فیئرالیکشن ہوتا تو پھر ان کو فارم 47دینے کی کیا ضرورت تھی؟پنجاب کی بیوروکریسی اور ارکان اسمبلی سے پوچھیں حکومتی انتظامیہ کو کوئی اورکنٹرول کرتا ہے، حکومت میں بیٹھے لوگوں کو کہا گیا کہ آپ کو فارم 47پر بٹھایا گیا ہے اس لئے پروٹوکول انجوائے کریں، افسران نے مجھ سے شیئر کیا ہے کہ ان ہاؤس تبدیلی کا کہیں سے بھی اشارہ آگیا تو یہی ن لیگی ارکان اپنی وفاداری تبدیل کردیں گے۔

انہوں نے کہا کہ 9مئی کو میں نے جو ویڈیو بیان جاری کیا اس میں توڑ پھوڑ کی کوئی بات نہیں کی تھی، حقیقی آزادی کا مقصد آئین اور جمہوریت کیلئے آواز اٹھانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاستدانوں کی طرح میڈیا ہاؤسزمالکان ، بیوروکریسی اور اسٹیبلشمنٹ کو بھی اثاثے ظاہر کرنے چاہئیں۔ جب ایسا ہوگیا تو دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہونا شروع ہوجائے گا۔