اقوام متحدہ کا عالمی امن کے لیے ایٹمی ہتھیاروں کے خاتمے کا مطالبہ

جمعرات 7 اگست 2025 11:58

اقوام متحدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2025ء) اقوام متحدہ نے عالمی امن کے لئے دنیا سے ایٹمی ہتھیار ختم کرنے کی اپیل کی ہے ۔یہ پیغام بدھ کے روز جاپان کے شہر ہیروشیما میں ایٹمی حملے کی 80 ویں برسی پر پیس میموریل تقریب میں پیش کیا گیا، جو اقوام متحدہ کی تخفیف اسلحہ کی نمائندہ ازومی ناکامیتسو نے ادارے کے سربراہ انتونیو گوتریش کی جانب سے جاری کیا۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنا عالمی امن کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ جوہری جنگ کا خطرہ بڑھ رہا ہے، اور ایٹمی ہتھیار ایک بار پھر دباؤ ڈالنے کے ہتھیار کے طور پر استعمال ہو رہے ہیں۔ انہوں نے ایٹمی حملوں سے بچ جانے والوں (ہیباکوشا) کو امن کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی گواہیاں ہمیشہ دنیا کو جوہری تباہی سے بچنے کا پیغام دیتی رہیں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ دنیا کو ایٹمی ہتھیاروں سے نجات دلائے بغیر پائیدار عالمی امن ممکن نہیں ہے ۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ جوہری جنگ کے خطرے کو ختم کرنے کے لیے ایٹمی ہتھیاروں کا مکمل خاتمہ ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئیے ایٹمی ہتھیاروں کے خطرے کو ختم کرنے کے لیے خود ان ہتھیاروں کو ہی دنیا سے ختم کریں۔انہوں نے کہا کہ وہی مہلک ہتھیار جنہوں نے ہیروشیما اور ناگاساکی کو تباہی سے دوچار کیا تھا، آج پھر دنیا کے مختلف خطوں میں دباؤ اور دھمکی کے ہتھیار کے طور پر استعمال کیے جا رہے ہیں۔ تاہم انہوں نے امید کا اظہار بھی کیا کہ اب بھی عالمی سطح پر امن کے حامی موجود ہیں۔\932