چین کی برآمدات میں 7.2 فیصد اضافہ ریکارڈ

جمعرات 7 اگست 2025 14:00

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2025ء) چین کی برآمدات میں رواں سال جولائی کے دوران 7.2 فیصد سالانہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا جو ماہرین کی توقعات سے کہیں زیادہ ہے، یہ پیش رفت اس وقت ہوئی ہے جب چین کی معیشت مشکلات کا شکار ہے اور وہ امریکہ کے ساتھ ایک غیر یقینی تجارتی جنگ بندی کے دوران برآمدات پر انحصار کر رہا ہے۔اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق سرکاری اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ بیرون ملک بھیجی جانے والی اشیاء نے چینی معیشت کو سہارا دیا ہے، اگرچہ چین اور امریکہ کے درمیان مکمل تجارتی معاہدے پر تاحال غیریقینی صورتحال برقرار ہے اور چین کی امریکہ کو برآمدات جو اس کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے ، میں 6.1 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

اسی دوران، درآمدات میں بھی 4.1 فیصد سالانہ اضافہ ہوا جو کہ ملکی مانگ کے لیے ایک اہم اشاریہ ہے۔

(جاری ہے)

پن پوائنٹ ایسٹ مینجمنٹ کے صدر اور چیف ماہرِ اقتصادیات ژی وی ژانگ نے کہاکہ اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ برآمدات نے اس سال اب تک معیشت کو مضبوط سہارا دیا ہے تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ آنے والے مہینوں میں برآمدات کی رفتار سست ہو سکتی ہے کیونکہ امریکی ٹیرف کے باعث کی گئی ایڈوانس شپمنٹس کا اثر کم ہو جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ اصل سوال یہ ہے کہ چین کی برآمدات کتنی حد تک کم ہوں گی اور یہ کمی معیشت کے دیگر شعبوں پر کیا اثر ڈالے گی۔واضح رہے کہ چین نے رواں سال کے لیے تقریباً 5 فیصد معاشی ترقی کا ہدف مقرر کیا ہے۔