وفاقی حکومت کا تین مراحل میں 24 سرکاری اداروں کی نجکاری کا فیصلہ

ایک سال میں 10 اداروں کی نجکاری کی جائے گی جس کے بعد ایک سے تین سال میں 13 اداروں کی نجکاری ہوگی

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 7 اگست 2025 13:28

وفاقی حکومت کا تین مراحل میں 24 سرکاری اداروں کی نجکاری کا فیصلہ
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 اگست 2025ء ) وفاقی حکومت نے تین مراحل میں 24 سرکاری اداروں کی نجکاری کا فیصلہ کرلیا، کابینہ کمیٹی برائے نجکاری نے 24 تجارتی ریاستی ملکیتی اداروں کو نجکاری پروگرام میں شامل کرنے کی منظوری دی ، فیصلے کی توثیق وفاقی کابینہ کی جانب سے کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے نجکاری عبد العلیم خان نے سرکاری اداروں کی نجکاری سے متعلق تحریری تفصیل قومی اسمبلی میں پیش کی، جس میں بتایا گیا کہ پہلے ایک سال میں 10 اداروں کی نجکاری کی جائے گی جس کے بعد اگلے ایک سے تین سال میں 13 اداروں کی نجکاری ہوگی جب کہ ایک ادارے کی نجکاری کیلئے 3 سے 5 سال کا آخری مرحلہ ہوگا۔

معلوم ہوا ہے کہ پہلے مرحلے میں قومی ایئر لائن، روز ویلٹ ہوٹل نیویارک، فرسٹ وومن بینک لمیٹڈ، ہاؤس بلڈنگ فنانس کارپوریشن، زرعی ترقیاتی بینک کی نجکاری ہوگی، سندھ انجینئرنگ لمیٹڈ، اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی لمیٹڈ، فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی لمیٹڈ اور گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی لمیٹڈ بھی پہلے مرحلے میں شامل ہیں جب کہ دوسرے مرحلے میں پاکستان ری انشورنس کمپنی لمیٹڈ، سٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن، یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن، اور جامشورو پاور کمپنی لمیٹڈ کی نجکاری کی جائے گی۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ سینٹرل پاور جنریشن کمپنی لمیٹڈ شامل ہیں، ناردرن پاور جنریشن کمپنی لمیٹڈ، لاکھڑا پاور جنریشن کمپنی لمیٹڈ اور لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی لمیٹڈ کی نجکاری بھی دوسرے مرحلے میں ہوگی، اس کے علاوہ ملتان الیکٹرک پاور کمپنی لمیٹڈ، ہزارہ الیکٹرک سپلائی کمپنی، حیدر آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی لمیٹڈ، پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی لمیٹڈ اور سکھر الیکٹرک پاور کمپنی لمیٹڈ کی نجکاری بھی دوسرے مرحلے میں شامل ہے اور آخری مرحلے میں پوسٹل لائف انشورنس کمپنی کی نجکاری کی جائے گی۔