سکیورٹی خدشات پر بلوچستان میں موبائل انٹرنیٹ سروس بند

کوئٹہ سمیت صوبے بھر میں انٹرنیٹ کی بندش سے صارفین کو پریشانی اور مشکلات کا سامنا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 7 اگست 2025 14:44

سکیورٹی خدشات پر بلوچستان میں موبائل انٹرنیٹ سروس بند
کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 اگست 2025ء ) صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں موبائل فون پر انٹرنیٹ سروس بند کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق موبائل انٹرنیٹ سروس بند رکھنے کا فیصلہ سکیورٹی کے خدشات کے باعث کیا گیا اور کل سے صوبے میں انٹرنیٹ سروس بند ہے لیکن تاحال اس حوالے سے باقاعدہ کسی قسم کا نوٹیفیکیشن جاری نہیں کیا گیا، تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ بلوچستان بھرمیں دہشت گردی کے خدشات کے باعث موبائل انٹرنیٹ 31 اگست تک بند رکھی جائے گی۔

بتایا گیا ہے کہ کوئٹہ شہر اور بلوچستان کے دیگر علاقوں میں موبائل فون انٹرنیٹ سروس بدھ کی شام اچانک بند ہوئی تب سے انٹرنیٹ سروس کی معطلی سے صارفین کو پریشانی اور مشکلات کا سامنا ہے جب کہ بلوچستان بھر میں 15 اگست تک دفعہ 144 بھی نافذ کی گئی ہے، دفعہ 144 کے تحت صوبے بھر موٹرسائیکل کی ڈبل سواری و اسلحے کی نمائش پر پابندی ہے، پانچ یا اس سے زائد افراد کے اجتماع کے علاوہ عوامی مقامات پر چہرہ ڈھانپنے پر بھی پابندی عائد کی گئی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ بلوچستان میں عسکریت پسند صوبے کے مختلف اضلاع میں سکیورٹی فورسز، سرکاری تنصیبات اور عوامی مقامات پر حملے کرتے رہتے ہیں، گزشتہ روز مستونگ میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب دھماکہ ہوا جہاں فتنہ الہندوستان کی آئی ای ڈی سے سکیورٹی فورسز کی گاڑی ٹکرا گئی، دھماکے میں میجر محمد رضوان طاہر سمیت 3 فوجی جوان شہید ہوئے، شہداء میں نائیک ابن امین اور لانس نائیک محمد یونس شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز کے علاقے میں کلیئرنس آپریشن میں 4 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا گیا، سکیورٹی فورسز ملک میں بھارت کی اسپانسرڈ دہشتگردی کو ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں، شہید میجر رضوان ایک دلیر افسر جنہوں نے دہشت گردی کے خلاف متعدد آپریشنز میں حصہ لیا، میجر رضوان شہید نے ہمیشہ فرنٹ لائن پر اپنے جوانوں کی قیادت کی، سکیورٹی فورسز ملک میں بھارت کی سپانسرڈ دہشتگردی کو ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں، بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔