تمباکو نوشی ایک خاموش قاتل ہے، جو ہر سال لاکھوں جانیں نگل جاتی ہے، ڈاکٹر امِ کلثوم خواجہ

جمعرات 7 اگست 2025 17:21

پنگریو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اگست2025ء)معرکہ حق جشن آزادی کے سلسلے میں ضلعی انتظامیہ بدین کی جانب سے مختلف پروگرامز جاری ہیں۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر انجم علی سومرو کی ہدایات پرایڈیشنل ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر امِ کلثوم خواجہ کی قیادت میں جِم خانہ بدین سے شہید محترمہ بینظیر بھٹو چوک تک "تمباکو فری ریلی" نکالی گئی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر امِ کلثوم خواجہ نے کہا کہ اس ریلی کا مقصد عوام کو تمباکو نوشی کے خطرناک اثرات سے آگاہ کرنا ہے۔

تمباکو نوشی میں مختلف اقسام کی تمباکو سے تیار کردہ اشیاء اور ان کا استعمال شامل ہوتا ہے، جیسے کہ سگریٹ نوشی، پتے کی بیڑی، حقہ، نسوار، گٹکا، پان، مین پوری، چبانے والا تمباکو، شیشہ، ای سگریٹ یا ویپنگ وغیرہ انہوں نے کہا کہ تمباکو نوشی ایک خاموش قاتل ہے، جو ہر سال لاکھوں جانیں نگل جاتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ عالمی سطح پر ہر سال تقریبا 80 لاکھ افراد تمباکو سے متعلق بیماریوں کے باعث ہلاک ہو جاتے ہیں، جبکہ پاکستان میں بھی سالانہ ایک لاکھ ساٹھ ہزار سے زائد لوگ تمباکو نوشی کے سبب موت کا شکار ہو جاتے ہیں۔

نوجوان نسل میں تمباکو نوشی کے بڑھتے ہوئے رجحان کو ایک الارمنگ صورت حال قرار دیا گیا ڈاکٹر امِ کلثوم نے زور دیا کہ تمباکو یا سگریٹ نوشی سے وابستہ بیماریوں میں پھیپھڑوں، منہ، گلے، دل اور معدے کے کینسر، ہائی بلڈ پریشر اور دیگر مہلک بیماریوں کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم سب کو مل کر یہ عزم کرنا چاہیے کہ نہ خود تمباکو نوشی کریں گے اور نہ ہی دوسروں کو کرنے دیں گے اس موقع پر ای پی آئی فوکل پرسن ڈاکٹر ثنا اللہ، آئی آر ڈی ڈسٹرکٹ فیلڈ کوآرڈینیٹر رمضان قمبرانی، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر سرفراز سموں، محکمہ صحت کے افسران، لیڈی ہیلتھ ورکرز، سماجی تنظیموں اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔