متحدہ عرب امارات، راس الخیمہ اکنامک زون اور بھارتی رانا گروپ کا معاہدہ، ایریشا اسمارٹ مینوفیکچرنگ ہب قائم کرنے کا اعلان

جمعرات 7 اگست 2025 17:56

راس الخیمہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2025ء) متحدہ عرب امارات کے راس الخیمہ اکنامک زون (راکز) اور بھارت کے تعمیراتی ادارے رانا گروپ کے درمیان شراکت داری قائم ہوئی ہے جس کے تحت ایریشا اسمارٹ مینوفیکچرنگ ہب کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے، یہ منصوبہ خطے کی صنعتی ترقی اور پائیداری کے شعبوں میں انقلابی تبدیلیوں کا پیش خیمہ تصور کیا جا رہا ہے۔

اماراتی نیوز ایجنسی ’’وام‘‘ کے مطابق اس معاہدے کے تحت رانا گروپ کی الیکٹرک گاڑیوں کی ذیلی کمپنی "ایریشا ای موویلیٹی" کو مشرق وسطیٰ اور افریقہ میں اپنی سرگرمیوں کو وسعت دینے کا موقع ملے گا جبکہ بھارت میں جاری کاروباری سرگرمیوں کو مزید مضبوطی حاصل ہوگی۔ایریشا اسمارٹ مینوفیکچرنگ حب ایک جدید ترین سہولت پر مبنی صنعتی مرکز ہو گا جس کا رقبہ 15 ملین مربع فٹ جبکہ کل تعمیراتی رقبہ 25 ملین مربع فٹ سے زائد ہوگا۔

(جاری ہے)

یہ مرکز 150 سے زائد صنعتوں کی میزبانی کرے گا جن میں الیکٹرک اور ہائیڈروجن گاڑیوں کی تیاری، قابلِ تجدید توانائی، EVTOL ایئرکرافٹس اور سیمی کنڈکٹر مینوفیکچرنگ جیسے جدید شعبے شامل ہیں۔اس منصوبے میں صنعتی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ رہائشی، تجارتی اور طبی سہولیات کا جامع امتزاج بھی شامل ہے۔ منصوبے میں ہسپتال، میڈیکل کالج، شاپنگ کمپلیکس، ہائپر مارکیٹس، دفاتر، کمیونٹی سینٹرز، بینک اور مالیاتی ادارے بھی قائم کیے جائیں گے تاکہ ایک خودکفیل اور پائیدار ماحول تشکیل دیا جا سکے۔

راکز گروپ کے سی ای او رامی جلاد نے کہا کہ راس الخیمہ تکنیکی جدت اور پائیدار ترقی کے لیے ایک مؤثر مرکز کے طور پر ابھر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ نہ صرف معاشی تنوع کو فروغ دے گا بلکہ ہزاروں روزگار کے مواقع بھی پیدا کرے گا اور گرین انرجی اور ایڈوانس مینوفیکچرنگ کے شعبوں میں امارت کی قیادت کو مزید مضبوط کرے گا۔ایریشا ای موویلیٹی کے چیئرمین اور مینیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر درشن رانا نے اس شراکت داری پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم راکِز کے ساتھ اشتراک پر فخر محسوس کر رہے ہیں، یہ منصوبہ گرین انرجی انقلاب میں ایک نمایاں قدم ثابت ہو گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ حب نہ صرف یو اے ای کے نیٹ زیرو اہداف میں اہم کردار ادا کرے گا بلکہ دنیا بھر میں صاف توانائی کے حل کی جانب منتقلی میں بھی مدد دے گا۔یہ شراکت داری نہ صرف جدت، پائیداری اور اقتصادی ترقی کی عکاسی کرتی ہے بلکہ یو اے ای میں عالمی سرمایہ کاری اور صنعتکاری کے نئے افق کھولنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ راکِز کا عالمی معیار کا انفراسٹرکچر اور کاروباری ترقی کے لیے سازگار ماحول، ایریشا ای موویلیٹی کے عالمی منصوبوں کے لیے مثالی بنیاد فراہم کرتا ہے۔