سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈو جام میں جشنِ آزادی کی مناسبت سے تقریبات کا سلسلہ جاری

جمعرات 7 اگست 2025 18:04

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2025ء) سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈو جام میں ملک کے 78ویں جشنِ آزادی کی مناسبت سے تقریبات جاری ہیں، جن کے تحت "معرکہءِ حق" کے عنوان سے کھیلوں کے مقابلے منعقد کیے جا رہے ہیں۔ سندھ زرعی یونیورسٹی کے ڈائریکٹوریٹ آف اسپورٹس کی میزبانی میں جشنِ آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں "معرکہءِ حق" کے عنوان سے کھیلوں کے مقابلے مسلسل جاری ہیں، جن میں طلبہ کی بڑی تعداد پرجوش انداز میں حصہ لے رہے ہیں۔

اس سلسلے میں یونیورسٹی کی مختلف فیکلٹیوں کی ٹیموں کے درمیان مقابلے منعقد ہوئے۔سخت مقابلوں کے بعد انفارمیشن ٹیکنالوجی سینٹر کے محمد شایان کی ٹیم نے پہلی پوزیشن حاصل کرکے میدان مارلیا، اسی سینٹر کی حذیفہ کی ٹیم نے دوسری جبکہ فیکلٹی آف کراپ پروڈکشن کے عبدالحنان کی ٹیم نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سندھ زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر الطاف علی سیال نے جیتنے والی ٹیموں میں انعامات اور ٹرافیاں تقسیم کیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان ہماری پہچان، آزادی اور قربانیوں کا ثمر ہے، جسے مضبوطی سے سنبھالنا اور آگے لے کر جانا ہمارا قومی فرض ہے۔ نوجوان ملک کا مستقبل ہیں، انہیں صرف تعلیمی میدان تک محدود نہیں رکھنا چاہیے، بلکہ انہیں ملک کی سماجی، معاشی اور سائنسی ترقی میں بھی آگے لانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ زرعی یونیورسٹی جیسے تعلیمی ادارے نئی سوچ، تحقیق اور ترقی کے لیے پلیٹ فارم فراہم کر رہے ہیں، جہاں سے ہمارے نوجوانوں کو ملک کی خدمت کے لیے تیار کیا جا رہا ہے۔

وائس چانسلر نے مزید کہا کہ تعلیمی ادارے صرف ڈگری دینے والے ادارے نہیں بلکہ قوم کی فکری، اخلاقی اور پیشہ ورانہ تربیت کے مراکز ہونے چاہییں۔اس موقع پر ڈین ڈاکٹر عنایت اللہ راجپر، ڈین ڈاکٹر غیاث الدین شاہ راشدی، ڈین ڈاکٹر عبدالمبین لودھی، ڈائریکٹر اسپورٹس انوار حسین خانزادہ، ڈاکٹر محرم قمبرا نی سمیت اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔