یو ای ٹی پشاور میں قیمتی پتھروں کے شعبے پر آگاہی سیمینار

جمعرات 7 اگست 2025 18:27

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2025ء) یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پشاور کے جیمز اینڈ جیولری سنٹر آف ایکسیلنس کے زیر اہتمام پاکستان میں قیمتی پتھروں سے آگاہی اور درپیش چیلنجزکے حوالے سے سیمینار انجینئرنگ یونیورسٹی میں منعقد ہوا۔تقریب کے مہمان خصوصی سیکرٹری ارشد حسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا قیمتی معدنیات سے مالا مال ہے، مگر آگاہی اور معیاری طریقہ کار کی کمی کے باعث مقامی تاجر عالمی منڈی میں کم قیمت پر فروخت کرتے ہیں۔

انہوں نے تھائی لینڈ کی مثال دیتے ہوئے ویلیو ایڈیشن اور مارکیٹنگ کی اہمیت پر زور دیا۔وائس چانسلر یو ای ٹی پشاور پروفیسر ڈاکٹر صادق خٹک نے خطاب میں کہا کہ شعبے کی اہمیت کے پیش نظر جیولری اور فیشن ڈیزائن کا چھ ماہہ ڈپلومہ شروع کیا جا رہا ہے جبکہ معدنی ذخائر سے فائدہ اٹھانے کے لیے جدید لیبارٹری کے قیام پر کام جاری ہے۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر NAVTTC یاسر علی رشید نے بتایا کہ دو ڈپلومہ کورسز میں 102 طلبہ زیر تعلیم ہیں جبکہ مزید چار کورسز جلد شروع کیے جائیں گے۔

جیمز اینڈ جیولری سنٹر آف ایکسیلنس ، یو ای ٹی پشاور کے ڈائریکٹر پروفیسر نثار محمد نے کہا کہ اس سینٹر سے اب تک گیارہ سو سے زائد طلباء گریجویٹس ہو چکے ہیں ۔ سیمینار کے سپیکرز معروف جیمالوجسٹ عامر لطیف اور ڈاکٹر سید اویس تھے جنہوں نے تکنیکی نشستوں سے خطاب کیا۔ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر ڑضوان محمود گل، سینئر ڈین، پروفیسر ڈاکٹر بشیر عالم، ڈین سول انجینئرنگ رجسٹرار ڈاکٹر خضر اعظم خان، ڈاکٹر حبیب الرحمٰن ، سینئر فیکلٹی ممبران اور جیمز کے شعبے سے وابستہ ماہرین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔