وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق کی زیر صدارت محکمہ برقیات کے حکام کا اجلاس

جمعرات 7 اگست 2025 22:14

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2025ء) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق کی زیر صدارت محکمہ برقیات کے حکام کا اجلاس منعقد ہوا ، اجلاس میں موسٹ سینئر وزیر کرنل ریٹائرڈ وقار احمد نور ، وزرائے حکومت چوہدری اظہر صادق ، چوہدری قاسم مجید ، چوہدری ارشد حسین ،پرنسپل سیکرٹری ظفر محمود خان ، سیکرٹری برقیات ارشاد احمد قریشی ، اور چیف انجینئر برقیات سمیت دیگر نے شرکت کی ، اجلاس میں وزیراعظم آزاد کشمیر کو محکمہ برقیات کی مجموعی کارکردگی ، بجلی کی ٹرانسمیشن لائنز کی فعالیت، ٹرانسفارمرز پر اوور لوڈنگ کے مسائل ، لوڈشیڈنگ ، برقی آلات / لائنز اورٹرانسفارمرز کی تنصیب و رئیپرینگ اور مستقبل کے لیے درپیش چیلنجز اور ان کے سدباب کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فیلڈ سٹاف کی ٹریننگ اور بجلی انسٹالیشن کی پرفارمنس سمیت افرادی اور تکنیکی استعداد کار ، معاوضہ جات اور تنخواہوں کے حوالے سے امور بھی زیربحث لائے گئے ، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوار الحق نے کہا کہ عوام کو سستی بجلی فراہم کرنے کا سہرا موجودہ حکومت کو جاتا ہے ، محکمہ برقیات کی کارگردگی کو مؤثر بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائیں گے ، ٹرانسفارمرز کی رئیپرینگ ، ٹرانسمیشن لائنز کی بحالی / مرمت اور ضرورت کے مطابق بجلی لوڈ کو کم کرنے کے لیے نئے ٹرانسفارمرز کی تنصیب کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں، بجلی کو ضائع ہونے سے بچانے کے لیے مؤثر مہم کی ضرورت ہے ، آگاہی مہم سے ہی چیزیں بہتری کی جانب جاسکتی ہیں ، خامیوں کا خاتمہ کیا جائے ، فیلڈ میں کام کرنے والے سٹاف کی ٹریننگ یقینی بنائی جائے ، وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ فیلڈ سٹاف کو عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق تیار کرنا محکمہ برقیات کی ذمہ داری ہے ، عملے کی حفاظت اور ٹریننگ ناگزیر پہلو ہے ، جہاں مسائل ہیں نشاندہی کی جائے ، عوام کی فلاح کے لیے حکومت ہر ممکن وسائل فراہم کرے گی ، برقیات لازمی سروسز کا محکمہ ہے ، سٹیٹ آف ڈینائل سے نکل کر ہی وےفارورڈ تلاش کیا جاسکتا ہے ، محکمہ برقیات کے لائن مینز ، اسسٹنٹ لائن مینز اور میٹر ریڈرز کی استعداد کار اور تکنیکی صلاحیتیوں کے فروغ کے لیے ٹریننگ یقینی بناتے ہوئے بجلی انفرسٹرکچر کی فعالیت کو ہی یقینی بنایا جاسکتا ہے ۔