فوڈ سیفٹی ٹیموں کاچربی سے آئل تیار کرنیوالے یونٹ پرچھاپہ، 10ہزار 80 لٹرآئل تلف

جمعرات 7 اگست 2025 21:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2025ء) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے چربی سے آئل تیار کرنیوالے یونٹ پر چھاپہ مار کر 10ہزار 80 لٹر آئل تلف کردیا۔ترجمان کے مطابق ڈی جی فوڈ اتھارٹی کی ہدایت پر انتہائی لازم آئل ریکارڈ، لائسنس کی عدم موجودگی پر کارروائی عمل میں لائی گئی، بائیو ڈیزل یا سوپ کمپنی کو سپلائی کرنے کے دستاویزات بھی موجود نہ تھیں۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے انہوں نے بتایا کہ چربی سے نکالے گئے آئل میں لازم میٹانیل ڈائی بھی شامل نہیں کی گئی تھی،آلائشوں سے تیار آئل صرف بائیو ڈیزل بنانے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے،فیٹ رینڈر آئل سے کوکنگ آئل تیار کرنا سنگین جرم ہے، زیادہ منافع کے لالچ میں عوام کی صحت سے کھیلنے والوں کا کاروبار جڑ سے اکھاڑ دیا جائے گا۔ عوام سے گزارش ہے کہ گردونواح میں واقع جعلساز مافیا کے خلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی کو1223پر مطلع کریں۔