سیکرٹری پرائس کنٹرول کی زیر صدارت اجلاس ،چینی مقررہ نرخوں پر عملدرآمد نہ کرنیوالوں کیخلاف کریک ڈائون بارے تبادلہ خیال

جمعرات 7 اگست 2025 23:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2025ء) سیکرٹری پرائس کنٹرول ڈاکٹر احسان بھٹہ نے چینی کی سپلائی اور نرخوں کی مانیٹرنگ بارے اجلاس کی صدارت کی جس میں تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرزنے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔ترجمان کے مطابق صوبہ بھر میں چینی کی فراہمی اور مقرر کردہ نرخوں پر عملدرآمد نہ کرنیوالوں کیخلاف کریک ڈائون بارے تبادلہ خیال کیا گیا، کین کمشنر پنجاب نوید شہزاد مرزا نے سپلائی چین بارے آگاہ کیا۔

بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 765 دکانداروں کیخلاف چینی کی قیمتوں میں ناجائز منافع خوری پر کارروائیاں کی گئی ہیں جبکہ پنجاب بھر میں60 افراد گرفتار، 05 کیخلاف مقدمات درج اور705 افراد کو جرمانے عائد کیے گئے۔ترجمان نے کہا کہ اب تک 28 ہزار 894 افراد کیخلاف کارروائیوں میں 1972 افراد گرفتار اور 335 کیخلاف مقدمات درج کروائے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

لاہور ڈویژن میں 87 گراں فروشوں کیخلاف کارروائیاں کی گئیں،گوجرانولہ ڈویژن میں 100 اور فیصل آباد میں 83 دکانداروں کیخلاف چینی کے نرخوں کی خلاف ورزی پر کارروائیاں کی گئیں،اسی طرح ساہیوال ڈویژن میں 10، سرگودھا 35 ، راولپنڈی99 ،بہاولپور ڈویژن میں 123,ڈی جی خان 18 اور ملتان میں 210 چینی گراں فروشوں کیخلاف کارروائیاں کی گئیں۔ سیکرٹری پرائس کنٹرول کا کہنا تھا کہ تمام اضلاع میں ضرورت کے مطابق چینی کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جارہا ہے، گراں فروشی کرنیوالے عناصر مصنوعی قلت کا بہانہ بنا رہے ہیں، ایسے عناصر کیخلاف کارروائی یقینی بنائی جائے۔