راولپنڈی کی زیر زمین 31 لاکھ روپے مالیت کی پانی کی پائپ لائنیں چوری کرنے کے الزام میں مقامی کباڑئیے سمیت 2 ملزمان گرفتار

ڈائریکٹر واسا راولپنڈی محمد سلیم اشرف نے مختلف ٹیمیں تشکیل دیں جنھوں نے چور کو رنگے ہاتھوں پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا

جمعرات 7 اگست 2025 23:35

6راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 اگست2025ء) تھانہ کھنہ پولیس نے واٹر اینڈ سینی ٹیشن ایجنسی (واسا) راولپنڈی کی زیر زمین 31 لاکھ روپے مالیت کی پانی کی پائپ لائنیں چوری کرنے کے الزام میں مقامی کباڑئیے سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے ملزمان کی گرفتاری واسا حکام کی نشاندہی پر کی گئی مینجنگ ڈائریکٹر واسا راولپنڈی محمد سلیم اشرف نے واسا کی مختلف ٹیمیں تشکیل دیں جنھوں نے چور کو رنگے ہاتھوں پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا واسا کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر منصور احمد کی مدعیت میں تعزیرات پاکستان کی دفعہ 379 کے تحت درج مقدمہ کے مطابق 6 اور 7 اگست کی درمیانی رات کھنہ پل سے کرال چوک تک واسا کی 3، 4 اور 6 انچ کی لائن مع 10 عدد سلوس والو جن کی مالیت 31 لاکھ روپے بنتی ہے چوری کر لی گئی ہے جس پر پولیس نے مین لائن سے پائپ چوری کرنے والے محمد عباس اور کباڑیہ زر سید کو گرفتار کر لیا واسا کے ترجمان کے مطابق پائپ چوری کی وجہ سے گزشتہ ایک ہفتے سے گلزار قائد، فیصل کالونی اور منگرال ٹاؤن کی سپلائی متاثر تھی جبکہ محمد عباس گزشتہ ایک ہفتے سے مختلف مقامات سے پائپ چوری کر رہا تھا۔