ٹ* وزیر زراعت کی زیر صدارت صوبائی سیڈ کونسل کے 45 ویں اجلاس کا انعقاد

- اجلاس میں بیج کی 53 اقسام زیر غور لائی گئیں، جن میں 38 اقسام کی کاشت کی منظوری دی گئی ھ* زمینداروں کے لیے بہتر بیجوںکی اقسام کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے گا ۔ وزیر زراعت

جمعرات 7 اگست 2025 23:40

Iپشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 اگست2025ء) خیبر پختونخوا کے وزیر زراعت میجر (ر) سجاد بارکوال کی زیر صدارت صوبائی سیڈ کونسل کا 45 واں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں مختلف پھلوں، سبزیوں، تیل دار بیجوں، چائے اور دیگر اہم فصلوں کی نئی اقسام کی کاشت کی منظوری پر غور کیا گیا۔اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل زرعی تحقیق ڈاکٹر عبدالروف نے ہر قسم کے بیج کی پیداواری صلاحیت، کاشت کے لیے موزوں علاقوں، بیماریوں کے خلاف مدافعت اور دیگر متعلقہ امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔

اجلاس میں سیکرٹری زراعت عنبر علی خان، ڈائریکٹر جنرل زرعی تحقیق ڈاکٹر عبدالروف اور ڈائریکٹر جنرل زراعت توسیع مراد علی کے علاوہ صوبائی سیڈ کونسل کے ممبران، صوبے کے مختلف زرعی تحقیقاتی مراکز کے ڈائریکٹرز اور نجی سیڈ کمپنیوں کے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

وزیر زراعت نے صوبائی سیڈ کونسل کے اجلاس میں نئے بیجوں کی اقسام کی تیاری میں نجی سیڈ کمپنیوں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ نجی سیڈ کمپنیوں کی خدمات قابل ستائش ہیں۔

حکومت بیجوں کی اقسام کی ترقی میں نجی شعبے کو ہر قسم کا تعاون فراہم کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ زرعی اراضی اور موسمی حالات کے لحاظ سے صوبے کی زوننگ کی جا رہی ہے تاکہ ہر علاقے کے لیے موزوں ترین فصلوں اور بیجوں کی نشاندہی کی جا سکے۔ صوبائی سیڈ کونسل کے 45 ویں اجلاس میں بیج کی 53 اقسام زیر غور لائی گئیں، جن میں سے بیجوں کی 38 اقسام کی کاشت کی منظوری دی گئی۔

منظور شدہ بیجوں کی اقسام میں مکئی کی چار نئی اقسام اور چاول و گندم کی ایک ایک نئی قسم شامل ہے۔ پھلوں کی کیٹیگری میں کیوی، خوبانی، مالٹے اور انگور کی دو دو نئی اقسام کے ساتھ ساتھ آلو بخارہ، پیکن نٹ، انجیر اور بیر کی ایک ایک نئی قسم کے بیجوں کی کاشت بھی منظور دی گئی ہے۔ سبزیوں کی کیٹیگری میں بھنڈی کی دو نئی اقسام، ٹماٹر کی تین نئی اقسام جبکہ پیاز اور پالک کی ایک ایک نئی قسم کے بیج منظور کیے گئے ہیں۔

تیل دار بیجوں کی کیٹیگری میں دس نئی اقسام کے بیجوں کی منظوری دی گئی ہے۔ اسی طرح چائے کی دو نئی اقسام کے بیج بھی کونسل کی جانب سے منظور ہوئے ہیں۔ صوبائی وزیر زراعت نے زمینداروں کو یقین دلایا کہ ان کے لیے بہتر بیجوںکی اقسام کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے گا جس سے ان کی فی ایکڑ پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ ہو سکے گا۔ انہوں نے زرعی تحقیقی مراکز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں کی فصلوں کی مناسبت سے تحقیق کو مزید فعال بناتے ہوئے بہتر بیج متعارف کروائیں۔

ساتھ ہی انہوں نے زمینداروں میں بیج کی درست کاشتکاری کے حوالے سے آگاہی پھیلانے پر بھی زور دیا تاکہ منظور شدہ بیجوں سے زیادہ سے زیادہ پیداوار حاصل کی جا سکے۔صوبائی سیڈ کونسل کے اجلاس میں ریجنل ڈائریکٹر فیڈرل سیڈ سرٹیفیکیشن عنایت اللہ، ڈائریکٹر فیڈرل سیڈ سرٹیفیکیشن ڈاکٹر حیات اللہ ترین، ڈاکٹر عبد الباری ، ڈائریکٹر ضم اضلاع اے آر آئی ترناب محمد یونس، ڈائریکٹر سی سی آر آئی پیر سباق فضل الوہاب ، ڈائریکٹر پلاننگ ریسرچ طاہر سجاد، ڈائریکٹر نیفا پشاور ڈاکٹر گل سنت، ڈائریکٹر اے آر آئی سوات ڈاکٹر روشن علی سمیت صوبائی سیڈ کونسل کے ممبران نے بھی شرکت کی