پولیس ملازمین و اہلخانہ کے علاج معالجہ کیلئے مزید 24 لاکھ 25 ہزار روپے کے فنڈز جاری

جمعہ 8 اگست 2025 00:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2025ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور فورس اور ان کے اہل خانہ کی ہیلتھ ویلفیئر کیلئے پرعزم، پولیس ملازمین اور ان کے اہلخانہ کے علاج معالجے کیلئے مزید 24 لاکھ 25 ہزار روپے فنڈز جاری کر دیئے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اے ایس آئی شوکت علی اور مرحوم کانسٹیبل ڈرائیور نذیر احمد کی بیوہ کو کینسر کے علاج معالجے کیلئے 05 لاکھ روپے فی کس فنڈز جار ی کیے گئے۔

(جاری ہے)

اسی طرح انسپکٹر اسد اللہ وکانسٹیبل محمد جمیل کو بیویوں کے کینسر اور ٹریفک اسسٹنٹ سجاد حسین کو علاج معالجے کیلئے اڑھائی لاکھ روپے فی کس دیئے گئے۔کانسٹیبل ڈرائیور صدام حسین اور مرحوم ڈرائیور کانسٹیبل ذوالفقار علی کی بیوہ کو علاج معالجے کی مد میں 02 لاکھ روپے فی کس اور کانسٹیبلز طاہر علی، ذوالفقار علی، ریٹائرڈ کانسٹیبل محبوب عالم اور لیڈی کانسٹیبل اقصی ارشاد کوعلاج معالجے کی مد میں مجموعی طور پر 02 لاکھ 75 ہزار روپے دیئے گئے۔ ترجمان نے کہاکہ آئی جی پنجاب نے میڈیکل فنانشل اسسٹنس کمیٹی کی سکروٹنی کے بعد فنڈ اجرا ءکی منظوری دی اور کہا کہ مختلف اداروں کے ساتھ ایم او یوز کے تحت بھی ملازمین کو علاج معالجے کی جدید سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔