اے این ایف نے پاکستان میں انسداد منشیات کے لیے 263 یونیورسٹیوں میں 269 آپریشن کئے

جمعہ 8 اگست 2025 13:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2025ء) قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ اے این ایف نے پاکستان میں انسداد منشیات کے لیے 263 یونیورسٹیوں میں 269 آپریشن کئے،ان اپریشنز میں ایک 1427 کلوگرام منشیات ضبط اور 426 افراد گرفتار کیے گئے،وزیر اعظم کی ہدایت پر منشیات کے استعمال کے تازہ اعدادوشمار کے لئے سروے جاری ہے جو 2026 میں مکمل ہوگا۔

جمعہ کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران تحریری طور پر آگاہ کیاگیا کہ یونیورسٹیوں اور کالجوں میں منشیات کی فراہمی اور استعمال کے بارے میں قابل بھروسہ اور تازہ معلومات محدود ہیں۔ملک میں منشیات کے استعمال سے متعلق کوئی مستند ڈیٹا دستیاب نہیں۔ ملک میں منشیات سے متعلق آخری سروے 12 سال پہلے ہوا تھا، 12 سال قبل ہونے والے منشیات سروے میں تعلیمی اداروں کو شامل ہی نہیں کیا گیا۔

(جاری ہے)

منشیات کے استعمال سے متعلق گزشتہ قومی سروے 2013 میں کیا گیا تھا،2013 کے سروے میں تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال کا جائزہ شامل نہیں کیا گیا تھا،وزیراعظم نے منشیات کے استعمال سے متعلق قومی سروے کرانے کی ہدایت کی ہے،سروے پاکستان ادارہ شماریات کر رہا ہے،منشیات کے استعمال سے متعلق سروے 2026 تک مکمل ہونے کی توقع ہے،سروے کے سوال نامے میں تعلیمی اداروں کے اندر منشیات کے استعمال سے متعلق رجحان کا جائزہ لیا جا رہا ہے،یہ سروے تعلیمی اداروں میں منشیات سے متعلق جامع اور مستند معلومات فراہم کرے گا،ملک میں جاری سروے سے درست ڈرگ انفارمیشن پکچر ترتیب دینے میں مدد ملے گی،تعلیمی اداروں میں منشیات کی رسد اور استعمال میں اضافے سے متعلق تمام دعوے غیر مصدقہ ہیں،تعلیمی اداروں میں منشیات کی فراہمی روکنے کے لیے متعدد اقدامات کیے گئے۔

وزیراعظم آفس اور جی ایچ کیو کی ہدایت پر اے این ایف تعلیمی اداروں کو ہدف بنا کر انسداد منشیات مہم منعقد کر رہا ہے۔ اے این ایف نے پاکستان میں انسداد منشیات کے لیے 263 یونیورسٹیوں میں 269 آپریشن کئے،ان آپریشنز میں ایک 1427 کلوگرام منشیات ضبط اور 426 افراد گرفتار کیے گئے۔