لاہور ہائیکورٹ، محکمہ صحت کی جانب سے شوکاز نوٹس جاری کرنے کیخلاف دائر درخواست کے قابل سماعت ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ

جمعہ 8 اگست 2025 18:47

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2025ء) لاہور ہائیکورٹ نے محکمہ صحت پنجاب کی طرف سے شوکاز نوٹس جاری کرنے کیخلاف سینئر یورالوجسٹ ڈاکٹر شبیر حسین کی دائر درخواست کے قابل سماعت ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کرلیا،لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس خالد اسحاق نے کیس کی سماعت کی،درخواست میں پنجاب حکومت اور محکمہ صحت کو فریق بنایا گیا ہے،دوران سماعت درخواست گزار ڈاکٹر شبیر حسین کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ درخواست گزار کو مبینہ کرپشن کے الزامات پر متعدد انکوائریوں میں ملوث کیا گیا ہے،درخواست گزار کے وکیل نے نکتہ اٹھایاکہ سپیشل سیکرٹری صحت نے ان کو برطرفی کا نوٹس بھی جاری کیا ہے،درخواست میں یہ استدعا کی گئی کہ سپیشل سیکرٹری صحت کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کا اختیار نہیں تھا،اس لیے اس نوٹس کو کالعدم قرار دیا جائے،پنجاب حکومت کے وکیل نے درخواست کے قابل سماعت ہونے پر اعتراض اٹھایا جس پر عدالت نے درخواست کے قابل سماعت ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کرلیا۔