سکیورٹی ڈویژن کی جانب سے جولائی 2025کے ایمپلائی آف دی منتھ کے انتخاب کا مرحلہ مکمل

جمعہ 8 اگست 2025 18:56

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2025ء) سکیورٹی ڈویژن کی جانب سے اپنے اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کیلئے جولائی 2025کے ایمپلائی آف دی منتھ کے انتخاب کا مرحلہ مکمل کر لیا گیاہے۔جمعہ کو ترجمان ڈی آئی جی سکیورٹی کے مطابق ڈی آئی جی سکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن ڈاکٹر مقصود احمد نے تمام پہلوؤں کا بغور جائزہ لینے کے بعد ہر یونٹ سے سب سے موزوں امیدوار کو ایمپلائی آف دی منتھ کے اعزاز کے لیے منتخب کیاہے۔

انہوں نے کہاکہ یہ انتخاب ان اہلکاروں کی غیر معمولی کارکردگی، ثابت قدمی اور خدمات میں اعلیٰ معیار کے اعتراف کے طور پر کیا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ سکیورٹی ڈویژن کے زیرِ کمان خدمات انجام دینے والے پولیس اہلکاروں کی کارکردگی کو جانچنے کے لئے منصفانہ، شفاف اور جامع طریقہ کار مرتب کیا گیا ہے جس کے ذریعے اہلکاروں کی حاضری اور وقت کی پابندی، ڈیوٹی کے اوقات کار، دیانت داری، نظم و ضبط اور رویہ، ٹرن آئوٹ، ٹیم ورک، ایس او پیز کا علم اور ان پر عمل درآمد، مجموعی رویہ اور اخلاقی کردار، فرائض سے وابستگی اور ہنگامی صورتحال میں ردعمل کی بنیاد پر اہلکاروں کی کارکردگی کی جانچ کی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایس ایس یو، سکیورٹی-I، سکیورٹی-II، کورٹ پولیس، مددگار 15 اور فارنرز سکیورٹی سیل سے موصول ہونے والی نامزدگیوں اور سفارشات کا تفصیلی جائزہ لیا گیاہے۔ ڈی آئی جی سکیورٹی نے کہا کہ جولائی 2025کیلئے منتخب ہونے والے اہلکاروں میں انسپکٹر نوشاد عالم پولیس مددگار-15،سب انسپکٹر محمد اشرف کورٹ پولیس،ہیڈ کانسٹیبل 1208محمد خالد سیکیورٹی-I،ہیڈ کانسٹیبل 29298ارشد محمود سیکیورٹی-II،کانسٹیبل 39831سجاد حسین فارنرز سیکیورٹی سیل،کانسٹیبل 536کاشف خان ایس ایس یو پولیس اورلیڈی پولیس کانسٹیبل 1793عتیقہ ظفر ایس ایس یو سندھ پولیس شامل ہیں۔

انہوں نے منتخب ہونے والے اہلکاروں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی اور ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، محنت اور سکیورٹی ڈویژن کی مجموعی کارکردگی میں مثبت کردار کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ ایمپلائی آف دی منتھ کا مقصد سکیورٹی ڈویژن کے تمام یونٹس میں کارکردگی، حوصلہ افزائی اور جوابدہی کی فضا کو فروغ دینا ہے۔منتخب ہونے والے اہلکاروں کو سکیورٹی ڈویژن ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ ایک پروقار تقریب میں تعریفی اسنا د دی گئیں۔