صوبے بھر میں وکلاء کا یوم شہداء انتہائی عقیدت و احترام سے منایا گیا ،گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل

جمعہ 8 اگست 2025 20:25

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2025ء) گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ صوبے بھر میں جمعہ کو وکلاء کا یوم شہداء انتہائی عقیدت و احترام سے منایا گیا ۔ اس دن کو منانے کا مقصد 8 اگست کے سانحہ میں شہید ہونے والے وکلاء کو خراج عقیدت پیش کرنا ہے۔ وکلاء برادری انصاف کو قابل رسائی بنانے کے ساتھ ساتھ عوام میں حقوق اور فرائض کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔

(جاری ہے)

گورنر جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ آٹھ اگست کے دہشت گردی کے واقعے میں درجنوں صوبائی قانونی ماہرین شہید ہوئے جو کہ ایک ناقابل تلافی نقصان ہے۔ اس سانحہ کے کئی برس بیت جانے کے باوجود ان کی غیرموجودگی کی بازگشت آج بھی سنائی دیتی ہے۔ گورنر بلوچستان نے اس یقین کا اظہار کیا کہ انصاف کے حصول کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے 8 اگست کے شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائیگا۔گورنر مندوخیل نے کہا کہ ہم ان بہادر شہداء اور ان کے اہل خانہ کو سلام پیش کرتے ہیں جو بلوچستان میں انصاف کے حصول اور قانون کی حکمرانی کو برقرار رکھتے ہوئے ان کی وراثت کو عزت دیتے ہیں۔ ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا۔