بھارتی جارحیت پر پاک افواج کا جواب تاریخ رقم کر گیا: پیر سید محمد خرم شاہ جیلانی

یومِ آزادی اس بار ’’معرکہ حق‘‘ کے عنوان سے منایا جا رہا ہے،؂بھارت آئندہ کسی بھی جارحیت سے باز رہے، ورنہ نشانِ عبرت بنا دیا جائے گا، رہنمافنکشنل لیگ

جمعہ 8 اگست 2025 21:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اگست2025ء) پاکستان مسلم لیگ فنکشنل ڈسٹرکٹ سائوتھ کے صدر اور جیلانی ویلفیئر ایسوسی ایشن کراچی کے چیئرمین پیر سید محمد خرم شاہ جیلانی نے کہا ہے کہ اس سال 14 اگست کا جشنِ آزادی صرف روایتی خوشی کا دن نہیں بلکہ’’معرکہ حق‘‘ کا عنوان بن چکا ہے، کیونکہ پاک افواج نے حالیہ بھارتی جارحیت کا جس جرات اور دلیری سے جواب دیا، وہ ہماری قومی تاریخ کا قابلِ فخر باب ہے۔

انہوں نے بھارتی افواج کی حالیہ جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کی خودمختاری پر کھلا حملہ تھا، جس کا منہ توڑ جواب پاک افواج نے فوری، مؤثر اور بہادری سے دیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ بھارت آئندہ ایسی کسی بھی گھناو?نی حرکت کا سوچے بھی نہ، ورنہ اسے نشانِ عبرت بنا دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

پیر سید محمد خرم شاہ جیلانی نے کہا کہ دشمن کی ہر سازش کو پاکستانی قوم نے ہمیشہ اپنے اتحاد، ایمان اور قربانی کی طاقت سے ناکام بنایا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کی قیادت نے ہمیشہ ملک سے غیر مشروط محبت اور قومی مفاد کو مقدم رکھا ہے۔ قائدِ فنکشنل پیر صاحب پگارا کی رہنمائی میں جماعت ہر موقع پر ملکی سلامتی، نظریاتی سرحدوں اور عوامی جذبات کی ترجمانی کرتی آئی ہے۔ آج پوری قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، اور ملک کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کے تحفظ کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ یومِ آزادی ہمیں صرف ماضی کی قربانیوں کی یاد نہیں دلاتا، بلکہ یہ عہدِ نو کا پیغام بھی ہے کہ پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور نظریاتی اساس پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔پیر سید محمد خرم شاہ جیلانی نے اس موقع پر دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو اندرونی و بیرونی خطرات سے محفوظ رکھے، اور اسے امن، ترقی اور خوشحالی کا گہوارہ بنائے۔ انہوں نے کہا کہ جیلانی ویلفیئر ایسوسی ایشن ملک و ملت کے استحکام کے لیے ہر محاذ پر اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔