ڈیفرینٹلی ایبلڈ بچوں کے ہمراہ جشن آزادم کی تقریب کا انعقاد

ہفتہ 9 اگست 2025 17:16

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اگست2025ء)ریہیبلیٹیشن سینٹر فار ملٹی ہینڈی کیپڈ چلڈرن (RCMHC) ویسٹ کراچی میں یومِ آزادی پاکستان کی پرجوش تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ڈیفرینٹلی ایبلڈ بچوں نے جذبہ حب الوطنی سے بھرپور شاندار پرفارمنسز پیش کر کے حاضرین کے دل جیت لیے۔تقریب میں ریجنل ڈائریکٹر اسپیشل ایجوکیشن جناب فرمان ٹانوری، ڈپٹی ڈائریکٹر جناب محمد صفدر اور مریم پبلک اسکول کے ایچ آر منیجر شمشیر قائم خانی نے بطور مہمانانِ خصوصی شرکت کی۔

ریجنل ڈائریکٹر نے خطاب کے دوران یومِ آزادی کی اہمیت، بانیانِ پاکستان کی لازوال قربانیوں اور موجودہ حالات میں قوم و افواجِ پاکستان کے حوصلے کو اجاگر کیا۔ڈیفرینٹلی ایبلڈ طلبا نے قومی نغمے، ٹیبلوز اور تقاریر کے ذریعے نہ صرف اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا بلکہ حب الوطنی، یکجہتی اور امید کا پیغام بھی دیا۔

(جاری ہے)

بچوں کی کارکردگی پر حاضرین نے بے حد سراہا اور ستائشی کلمات سے نوازا۔

تقریب کے اختتام پر ریجنل ڈائریکٹر نے ڈیفرینٹلی ایبلڈ طلبا کے ہمراہ یومِ آزادی کا کیک کاٹا۔ اس موقع پر بچوں میں مٹھائی، جوس، کیک اور برگر تقسیم کیے گئے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر جناب صفدر نے تمام مہمانوں، اساتذہ اور عملے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اساتذہ کی محنت اور ٹیم ورک کو سراہا۔ شمشیر قائم خانی نے ادارے کی خدمات اور مثبت کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا۔یہ تقریب اس بات کا منہ بولتا ثبوت تھی کہ اگر مواقع فراہم کیے جائیں تو خصوصی بچے بھی قومی دھارے میں مثر کردار ادا کر سکتے ہیں۔