پارلیمان کی بالادستی، آئین کی حکمرانی اور جمہوریت کا تسلسل ہی ملک کی ترقی اور خوشحالی کی ضمانت ہے،پارلیمان عوام کی امنگوں کا ترجمان ہے،مؤثر قانون سازی سے عوام کے مسائل کا حل ممکن ہے، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق

ہفتہ 9 اگست 2025 19:53

پارلیمان کی بالادستی، آئین کی حکمرانی اور جمہوریت کا تسلسل ہی ملک کی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اگست2025ء) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پاکستان کی دستور ساز اسمبلی کے قیام کی 78ویں سالگرہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پارلیمان کی بالادستی، آئین و قانون کی حکمرانی اور جمہوریت کے تسلسل میں ہی پاکستان کی سالمیت، ترقی اور خوشحالی کا راز پوشیدہ ہے۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے ہفتہ کو جاری بیان میں اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ 10 اگست 1947 کو دستور ساز اسمبلی کا کراچی میں منعقدہ پہلا اجلاس بانیانِ پاکستان کی جمہوری سوچ اور عوامی امنگوں کا عملی اظہار تھا۔

یہ دن ہماری تاریخ کا ایک سنگِ میل ہے جو نئی نسل کو جمہوری اقدار، آئینی روایات اور پارلیمانی کردار سے روشناس کرانے کا بہترین ذریعہ ہے۔

(جاری ہے)

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پارلیمان نہ صرف 25 کروڑ عوام کا نمائندہ ادارہ ہے بلکہ عوامی فلاح و بہبود اس کا اولین اور بنیادی فریضہ ہے۔ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مؤثر اور بروقت قانون سازی ناگزیر ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شفافیت، کفایت شعاری اور جدید انتظامی اصلاحات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایوان کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے متعدد اقدامات جاری ہیں۔انہوں نے پارلیمان کی مضبوطی اور جمہوریت کے فروغ کیلئے سیاسی قوتوں کو سیاست سے بالاتر ہو کر ملکر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ پارلیمان ہی وہ واحد پلیٹ فارم ہے جہاں پر ملک کے عوامی، سیاسی اور معاشی مسائل کو حل کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس وقت بڑی تعداد میں نوجوان قومی اسمبلی میں انٹرنشپ کر رہے ہیں تاکہ وہ پارلیمانی نظام، قانون سازی کے عمل اور جمہوری روایات سے براہِ راست واقفیت حاصل کر سکیں۔ اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جدید ٹیکنالوجی متعارف کروائی جا رہی ہے تاکہ عوام تک معلومات کی بروقت فراہمی، عملے کی استعداد کار میں اضافہ اور وسائل کے مؤثر استعمال کو یقینی بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمان کو ایک اہم اعزاز بھی حاصل ہے کہ یہ پارلیمنٹ دنیا کی پہلی پارلیمنٹ ہے جو 2015 سے مکمل طور پر شمسی توانائی پر چل رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پارلیمانی نظام کے تسلسل اور آئینی اداروں کی بالادستی کے بغیر قومی ترقی کا کوئی تصور ممکن نہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ موجودہ پارلیمان آئین، قانون اور جمہوری اصولوں کی روشنی میں عوامی رہنمائی اور خدمت کا سلسلہ جاری رکھے گا۔

اس موقع پر ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ نے کہا کہ پارلیمان ملکی وحدت کی علامت اور 25 کروڑ عوام کی اجتماعی دانش کا مرکز ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم مؤثر قانون سازی، شفاف طرزِ حکمرانی اور عوامی مسائل کے دیرپا حل کے ذریعے ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کر سکتے ہیں۔