یومِ آزادی پر گلوکار حسنین علی پراچہ کا ملی نغمہ اے میرے وطن ریلیز

ہفتہ 9 اگست 2025 21:03

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 اگست2025ء) یومِ آزادی کی مناسبت سے معروف گلوکار حسنین علی پراچہ کا نیا ملی نغمہ اے میرے وطن ریلیز کر دیا گیا۔ نغمہ وطن سے محبت، عوامی اتحاد، اور شہداء کی لازوال قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتا ہے۔ گلوکار نے اپنے مخصوص جذباتی انداز اور دل کو چھو لینے والی دھن کے ذریعے پاکستان کی عظمت، بہادری، اور قومی غیرت کو موثر انداز میں اجاگر کیا ہے۔

(جاری ہے)

اے میرے وطن میں نہ صرف تاریخ کے سنہری لمحات کو موسیقی کے قالب میں ڈھالا گیا ہے بلکہ ہر بول میں قربانی، وفا اور تجدید عہد کا پیغام بھی شامل ہے۔ نغمے میں پاکستان کے ان شہداء کو خاص طور پر یاد کیا گیا ہے جنہوں نے مادرِ وطن کی حفاظت کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ گلوکار نے اس گیت کو ایک ایسے وقت میں پیش کیا ہے جب قوم یومِ آزادی مناتے ہوئے قومی وحدت اور عزمِ نو کی متقاضی ہے۔ادبی اور موسیقی حلقوں نے نغمے کو سراہتے ہوئے اسے یومِ آزادی کے موقع پر ایک اہم ثقافتی تحفہ قرار دیا ہے۔