جشن آزادی پر وزیراعلی سندھ کا کرکٹ میدان میں ایکشن

معین خان اسٹیڈیم میں "جشنِ آزادی معرکہ حق" دوستانہ میچ کا انعقاد

ہفتہ 9 اگست 2025 21:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اگست2025ء)وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ جشنِ آزادی کے موقع پر معین خان اسٹیڈیم پہنچے جہاں صوبائی وزیر سردار محمد بخش خان مہر اور سیکریٹری اسپورٹس منور مہیسر نے ان کا استقبال کیا۔ محکمہ سندھ اسپورٹس کے زیر اہتمام "جشنِ آزادی معرکہ حق" کے عنوان سے دوستانہ کرکٹ میچ کا انعقاد کیا گیا جو 15-15 اوورز پر مشتمل تھا۔

میچ میں دو ٹیموں قلندر الیون اور بھٹائی الیون کے درمیان مقابلہ ہوا۔ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ قلندر الیون کے کپتان جبکہ اسپیکر سندھ اسمبلی اویس قادر شاہ بھٹائی الیون کی قیادت کر رہے تھے۔ قلندر الیون میں وزیراعلی سندھ کے ساتھ سید اویس قادر شاہ، شرجیل انعام میمن، سید فرخ شاہ، امداد پتافی، فرحان انصاری، سکندر شورو، علی حسن ہنگورو، محمد عمر، فیاض بٹ، مصطفی عمر، ناصر قریشی، اسد اسحاق اور فرید علی شامل تھے۔

(جاری ہے)

جبکہ بھٹائی الیون کی ٹیم میں سردار محمد بخش مہر، علی خورشیدی، ہالار وسان، پیر مجیب، ارباب عمان اللہ، نجم مرزا، محمد معاز، شرجیل میمن، سید شارق جمال، زاہد محمود، ساجد میر، حمزہ علی اور علی اصغر شامل تھے۔ وزیراعلی سندھ اور امداد پتافی نے اوپننگ کی تاہم امداد پتافی رن آٹ ہوگئے جس کے بعد سید فرحان بیٹنگ کیلئے آئے۔ وزیراعلی سندھ کو خرم سومرو نے آٹ کیا، انہوں نے 5 رنز اسکور کیے۔

میچ کے دوران اسپیکر سندھ اویس قادر شاہ کو ایک موقع پر کھیلنے کی اجازت دی گئی مگر بعد میں انکے آٹ ہونے کا فیصلہ متنازع قرار پایا۔ محمد بخش مہر نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا۔ یہ دوستانہ میچ جشنِ آزادی کی تقریبات کا حصہ تھا جس کا مقصد کھیلوں کے فروغ کے ساتھ ساتھ صوبائی شخصیات کے درمیان مثبت ماحول کو اجاگر کرنا تھا۔