ٹرن اوور کی لمٹ اوپن کر کے 20ہزار ارب روپے بھی اکٹھے کیے جا سکتے ہیں‘ مقررین

اوورسیز کیلئے بھی فارن ریمنٹنس کی لمٹ کو ختم کرکے زرمبادلہ کو تین گنا بڑھا یا جا سکتا ہے

اتوار 10 اگست 2025 11:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اگست2025ء) خطے کے ممالک سنگل ڈیجٹ سیلز ٹیکس وصول کر رہے ہیں ،ٹیکس محصولات کا ہدف 14131ارب رکھا گیا ہے جبکہ ٹرن اوور کی لمٹ اوپن کر کے 20ہزار ارب روپے بھی اکٹھے کیے جا سکتے ہیں ،ٹرن اوور پر 2 فیصد ٹیکس وصولی اور ان پُٹ کا خاتمہ کر دیا جائے اورریفنڈز کا قانون ہی نہ ہو تو بہت سے پیچیدہ مسائل حل ہو سکتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار ماہر معاشیات وجنرل سیکر ٹری انٹرنیشنل لائرز ایسوسی ایشن ،صدر آئی ایل اے عاشق علی رانا ،سینئر نائب صدر ملک جلیل اعوان ،فنانس سیکرٹری شیخ عدیل،نائب صدور نغمانہ شہزادی ،زاہد رسول گورائیہ سید عدیل حیدر اور دیگر نے فنانس ایکٹ 2025پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کر تے ہوئے کیا ۔ سیمینار میں آئی ایل اے ممبران،ٹیکس بارز کے نمائندوں،آئی سی ایم اے،اے سی سی اے،چارٹر اکاونٹنٹنس سمیت تاجر برادری نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

مقررین نے کہا کہ ہمارے ہمسائے ممالک بھی سنگل ڈیجٹ سیلز ٹیکس وصول کر رہے ہیں ، وہاں ان پُٹ ہے ہی نہیں ،پاکستان بھی اس ماڈل کو اپنا سکتا ہے جس سے حکومت اور ٹیکس دہندگان دونوں کے لئے آسانی ہو گی ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دنیا بھر میں سب سے زیادہ ٹیکس کی شرح ہے جس کی وجہ سے ملکی غیر ملکی سرمایہ کار منصوبے شروع کرنے سے گھبراتے ہیں ،ٹیکس کی شرح کم کرکے بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری حاصل کی جا سکتی ہے ۔

مقررین نے کہا کہ پنجاب ریونیو اتھارٹی نے کورونا کے دوران ٹیکسز کی شرح کم کر کے بہترین ٹیکس ریکوری کا ریکارڈ قائم کیا ۔دوسرا حکومت اوورسیز کے لیے بھی فارن ریمنٹنس کی لمٹ کو ختم کرکے زرمبادلہ کو تین گنا بڑھا سکتی ہے،ٹیکس نیٹ کو بڑھانے اور با آسانی ٹیکس ٹارگٹ پورے کرنے کے بہت آسان راستے موجود ہیں جس سے پہلے سے ٹیکس دینے والوں پر ٹیکسوں کا بوجھ بھی کم ہو سکتا ہے ۔