یورپی ممالک کا امریکا اور روس کے درمیان مذاکرات میں یوکرین کو بھی شامل کر نے کا مطالبہ

اتوار 10 اگست 2025 12:30

برسلز (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اگست2025ء) یورپی ممالک نے امریکا اور روس کے درمیان مذاکرات میں یوکرین کو بھی شامل کر نے کا مطالبہ کیا ہے۔ بی بی سی کے مطابق یوکرین کے یورپی اتحادی ممالک نے اس بات پر اصرار کیا ہے کہ روس کے ساتھ کسی بھی امن مذاکرات میں یوکرین کو بھی شامل کرنا چاہیے۔یہ مطالبہ ایک ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ 15 اگست کو الاسکا میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے ساتھ ملاقات کرنے والے ہیں۔

برطانیہ، فرانس، اٹلی، جرمنی، پولینڈ، فن لینڈ اور یورپی کمیشن کے رہنماؤں کی طرف سے جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ یوکرین میں امن کا راستہ یوکرین کے بغیر طے نہیں کیا جا سکتا۔اس بارے میں کہ یوکرین کو اس کے اپنے امن مذاکرات میں مدعو نہیں کیا جائے گا پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے کہا کہ یوکرین کے بغیر کوئی بھی معاہدہ مردہ فیصلے کے مترادف ہوگا۔

(جاری ہے)

دریں اثنا وائٹ ہاؤس کے ایک اہلکار نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ روسی صدر ولادی میر پیوٹن اور یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی دونوں کے ساتھ سہ فریقی میٹنگ کرنے کے لیے تیار ہوں گے لیکن فی الحال 15 اگست کو صرف دو رہنماؤں کے درمیان ہی ملاقات ہو گی جیسا کہ روسی صدر نے درخواست کی تھی۔صدر ٹرمپ نے پہلے مشورہ دیا تھا کہ وہ صرف روسی صدر سے ملاقات کرکے شروعات کر سکتے ہیں۔ صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ انھوں نے روس کے ساتھ شروعات کرنے کا منصوبہ بنایا ہے لیکن انہوں نے یہ بھی کہا کہ انھیں یقین ہے کہ وہ روسی صدر اور یوکرینی صدر دونوں کے ساتھ سہ فریقی میٹنگ کا انعقاد کرا سکتے ہیں۔