ایچ بی ایل مائیکروفنانس بینک اور سپارکو کے درمیان سیٹلائٹ پرمبنی زرعی تجزیات متعارف کروانے کیلئے معاہدے پر دستخط

اتوار 10 اگست 2025 15:45

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اگست2025ء)ایچ بی ایل مائیکروفنانس بینک اور پاکستان اسپیس اینڈ اپر اٹماسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو)نے قرضہ جات کی فراہمی کے نظام میں سیٹلائٹ پرمبنی زرعی تجزیات متعارف کروانے کیلئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے ہیں۔کسی بھی بینک اور سپارکو کے درمیان اس طرح کے جدید حل کیلئے یہ اپنی نوعیت کی پہلی شراکت داری ہے جوکلائمیٹ اسمارٹ زرعی فنانسنگ کیلئے اسپیس ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے میں ایک نمایاں سنگ میل ہے۔

اس اقدام کے تحت دونوں ادارے ضلع اوکاڑا میں ایک پائلٹ پراجیکٹ شروع کریں گے جو پنجاب کا اہم زرعی زون ہے۔ پائلٹ پراجیکٹ میں سیٹلائٹ سے حاصل کی جانے والی ہائی ریزولیشن تصاویر،فصل کی صحت و پیداوار سے متعلق تجزیات، پیداوار کا اندازہ، رسک پروفائلنگ کا استعمال کرتے ہوئے قرض کی فراہمی سے قبل قرض کی اہلیت کی جانچ کی جائے گی۔

(جاری ہے)

محفوظ اے پی آئی اور ڈیش بورڈ انٹرفیس سے ایچ بی ایل مائیکروفنانس بینک قرض دینے کے فیصلہ کے طریقہ کار میں میں اس اعدادوشمار کو شامل کرے گا جس سے کھیتوں میں جاکر دستی تصدیق کرنے کی ضرورت ختم ہوجائے گی۔

اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ایچ بی ایل مائیکروفنانس بینک کے صدر اور سی ای او عامر خان نے کہا'' ہمیں اس بات کی انتہائی خوشی ہے کہ ہم پاکستان کے پہلے مائیکروفنانس بینک ہیں جو جدید ڈیٹا پر مشتمل زرعی فنانسنگ کیلئے سپارکوکے ساتھ اشتراک کرر ہے ہیں جس کے تحت زرعی قرضوں میں سیٹلائٹ پر مبنی تجزیات کو شامل کیا جائے گا۔پاکستان کے بڑے مائیکروفنانس بینک کی حیثیت سے ایچ بی ایل مائیکروفنانس بینک اس قسم کی جدیدٹیکنالوجی کو آگے بڑھانے کے لیے مکمل طورپر تیار ہے جو اپنے صارفین اور مائیکروفنانس شعبے دونوں کے لیے سود مند ہو۔

یہ شراکت داری ہمارے اس وژن سے ہم آہنگ ہے جس کے تحت ہم اپنے صارفین کی زندگی کے معیار کو جدید مالیاتی حل کے ذریعے بہتر بنانا چاہتے ہیں۔ ہم سپارکو کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے ہمارے ساتھ شراکت داری کی۔ ہم مل کر پاکستان میں زرعی قرضوں کے لیے زیادہ سمارٹ ڈیٹا پر مبنی مستقبل کی طرف بڑھ رہے ہیں۔"سپارکو کے ممبر(ایس اے آر)ظفر اقبال نے کہا '' سپارکو کو قومی ترقی کیلئے سیٹلائٹ ٹیکنالوجی کے استعمال میں قائدانہ کردارادا کرنے پر فخر ہے۔

ایچ بی ایل مائیکروفنانس بینک کے ساتھ اشتراک ہمارے لئے فخریہ لمحہ ہے کیونکہ ہم پہلی بار مالیاتی شعبہ میں اپنے ایگری کلچر جیوگرافک انفارمیشن سسٹم کو شامل کرنے جارہے ہیں۔ہمیں اعتماد ہے کہ ہمارے تجزیات اور بصیرت سے نہ صرف قرض دینے کے طریقوں کو تقویت ملے گی بلکہ زرعی شعبہ کی ترقی اور دیہی علاقوں کی فلاح وبہبود میں نمایاں کردار ادا ہوگا۔

"دونوں اداروں کے درمیان شراکت داری کے اگلے مرحلے میں قرض کی فراہمی کے بعد سیٹلائٹ سے کھیتوں کی نگرانی شامل ہوگی جس سے بینک فصل کے حوالے سے سرگرمیوں کو ٹریک کرسکے گا اور کسی بھی بے ضابطگیوں کی صورت میں پیشگی الرٹس جاری کرسکے گا جس سے رسک مینجمنٹ اور قرضوں کی فراہمی میں شفافیت کا ایک نیا دور شروع ہوگا۔ یہ شراکت داری پاکستان میں مائیکروفنانس اداروں کے زرعی قرض دینے کے طریقہ کار کو نئی سمت دینے کے لیے تیار ہے جو ایچ بی ایل مائیکروفنانس بینک کو اسپیس ٹیکنالوجی کے بھرپور استفادہ سے زرعی قرضہ جات کے شعبے میں لیڈر بنائے گی ۔