سیاسی جماعتوں کے درمیان ڈائیلاگ ہی جمہوریت اور پارلیمان کو مزید مضبوط کرسکتا ہے، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری

اتوار 10 اگست 2025 17:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اگست2025ء)وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے پاکستان کی دستور ساز اسمبلی کی 78 ویں سالگرہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پارلیمان ہی عوام کی آواز ہے اور اسی کے ذریعے تمام مسائل کا حل ممکن ہے،10 اگست 1947 کو پہلی دستور ساز اسمبلی کا قیام بانی قائداعظم محمد علی جناح کی جمہوری سوچ کی عکاسی کرتا ہے۔

اپنے بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمیشہ سیاسی ڈائیلاگ کے فقدان کی وجہ سے جمہوریت کو مسائل رہے۔

(جاری ہے)

خوشی ہے کہ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن نے ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھ کر میثاقِ جمہوریت پر اتفاق کیا۔ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے مزید کہا کہ آج پی ٹی آئی کو بھی یہی مشورہ دوں گا ان کے تمام مسائل کا حل پارلیمان کے پاس ہے اور یہ صرف سیاسی ڈائیلاگ کے ذریعے ہی ممکن ہے۔

وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری نے زور دے کر کہا کہ آج کی اپوزیشن کو بھی دیگر قومی مسائل پر دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ بیٹھ کر جمہوریت اور پارلیمان کا مضبوط کرنا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ معیشت، دفاع، تعلیم اور صحت سمیت تمام شعبے مضبوط ہوں گے اگر اپوزیشن مثبت تنقید کرتے ہوئے قومی مسائل کے حل کے لئے حکومت کے ساتھ بیٹھے۔