وزیر اعلی نے شجاع آباد میں باپ کے ہاتھوں بیٹی، دو نواسوں ،نواسی کے قتل پر نوٹس لے لیا

چیئر پرسن ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے سی پی او ملتان سے رپورٹ طلب کر لی

اتوار 10 اگست 2025 18:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اگست2025ء)وزیر اعلی پنجاب نے شجاع آباد میں باپ کے ہاتھوں بیٹی، دو نواسوں اور ایک نواسی کے قتل پر نوٹس لے لیا ، وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر چیئر پرسن ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے سی پی او ملتان سے رپورٹ طلب کر لی۔شجاع آباد میں پیش آنے والے لرزہ خیز واقعے میں سفاک باپ نے حقیقی بیٹی، 5 اور 3 سال کے دو نواسے اور دو ماہ کی ایک نواسی کو چھری سے گلا کاٹ کر قتل کر دیا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے نوٹس پر چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی و رکن پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹ نے سی پی او ملتان سے واقعے کی مکمل رپورٹ طلب کر لی ہے۔پولیس رپورٹ کے مطابق، ملزم نے پسند کی شادی کرنے اور اپنے شوہر سے طلاق نا لینے کی بنا ء پر اپنی بیٹی اور اس کے تینوں معصوم بچوں کو بے رحمی سے گلا کاٹ کر قتل کیا۔ پولیس نے ملزم کو آلہ قتل سمیت گرفتار کر لیا ہے۔حنا پرویز بٹ نے کہا کہ میں خود اس کیس کی پیش رفت کی نگرانی کر رہی ہوں اور حکومت پنجاب انصاف کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنائے گی۔