سانگلہ ہل ،جشن آزادی منانے والے آزادی کی قدر و منزلت کشمیریوں سے پوچھیں جو آزادی کی جنگ لڑتے آ رہے ہیں، رہنما پاکستان مسلم لیگ ن

اتوار 10 اگست 2025 19:10

سانگلہ ہل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اگست2025ء) سابق وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان اور پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی نائب صدر چوہدری محمد برجیس طاہر نے میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ آج آزادی کی فضاؤں میں سانس لینے والوں کو یہ اندازہ نہیں ہے کہ پاکستانی قوم کو آزادی دلانے میں کتنی قربانیاں دینا پڑی ہیں مسلمانوں نے آزادی کی تحریک 1940 میں شروع کی اور 1947 کو پاکستان معرض وجود میں آ گیا جبکہ کشمیری آزادی کی جنگ 1931 سے لڑتے آ رہے ہیں اور آج تک ان کی جنگ جاری ہے ۔

چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا کہ کشمیریوں کی جنگ ڈوگرا راج میں اذان دینے سے شروع ہوئی اور وہ اذان مکمل ہونے میں اکیس مسلمانوں نے جام شہادت نوش کیا مگر اذان مکمل کی گئی اور آج تک کشمیری قوم آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں انہوں نے کہا کہ فلسطینی مسلمانوں سے آزادی کے معنی پوچھیں تو اندازہ ہوتا ہے کہ پاکستانی عوام کتنے خوش قسمت ہیں کہ وہ ایک آزاد ملک میں آزادی کی زندگی بسر کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں چوہدری محمد برجیس طاہر سابق وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان نے کہا کہ 14 اگست کو سانگلہ ہل میں ملکی جوش و جذبے سے جشن آزادی منایا جائے گا اور پاکستان مسلم لیگ ن کے تمام عہدیداران و کارکنان کے ساتھ مل کر جشن آزادی کیک بھی کاٹا جائے گا، انہوں نے کہا کہ پاکستان محفوظ ہاتھوں میں ہے اور اس کی طرف کسی کو بھی میلی آنکھ سے دیکھنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔\378