-مریم نواز نے اقلیتی برادری کی فلاح و بہبود کیلئے تاریخی اقدامات کئی: رمیش سنگھ اروڑہ

،اقلیتیں ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہیں، صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور کا مینارٹی ڈے پر پیغام

اتوار 10 اگست 2025 21:40

Lلاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 اگست2025ء) صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے مینارٹی ڈے کے موقع پر اپنے جاری کردہ خصوصی پیغام میں کہا کہ یہ دن پاکستان کی اقلیتی برادری کے لیے عزت، مساوات اور قومی یکجہتی کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئینِ پاکستان تمام شہریوں کو برابر کے حقوق فراہم کرتا ہے اور اقلیتیں اس ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہیں۔

رمیش سنگھ اروڑہ نے بتایا کہ حکومتِ پنجاب کی جانب سے تاریخ میں پہلی بار ہفتہ اقلیت (7 سے 11 اگست) بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے، جس کے تحت بین المذاہب ہم آہنگی، ثقافتی سرگرمیوں، کھیلوں کے مقابلوں، سیمینارز اور کانفرنسز کا انعقاد کیا گیا۔ ان تقریبات کا مقصد معاشرے میں رواداری، احترام اور یکجہتی کے پیغام کو عام کرنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی اقلیتی برادری سے خصوصی محبت اور عملی اقدامات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز نے نہ صرف اقلیتی برادری کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کا عزم کیا ہے بلکہ تعلیمی وظائف، عبادت گاہوں کی تزئین و مرمت، روزگار کے مواقع اور سماجی بہبود کے منصوبے شروع کر کے ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔

صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کا یہ یقین دہانی کرانا کہ اقلیتیں اس صوبے کے مساوی شہری ہیں، ہمارے لیے باعثِ فخر ہے۔ ان کی قیادت میں ہم اقلیتی برادری کے لیے مزید فلاحی اقدامات جاری رکھیں گے تاکہ پاکستان ایک مضبوط، روادار اور پرامن معاشرہ بن سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہفتہ اقلیت کی تقریبات کے دوران عوام اور مختلف مکاتبِ فکر کے رہنماؤں کی بھرپور شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کی اصل طاقت اس کی یونٹی اِن ڈائیورسٹی ہے۔