کمشنر کراچی نے جشن آزادی معرکہ حق کے پروگراموں کی تفصیلات جاری کردیں

اتوار 10 اگست 2025 23:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اگست2025ء) کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے جشن آزادی معرکہ حق کے حوالے سے11اگست سے 14اگست تک کے نمایاں پروگراموں کی تفصیلات جاری کردیں ۔ اتوار کو کمشنرآفس سے جاری اعلامیہ کے مطابق کمشنر کراچی نے کہا ہے کہ جشن آزادی کے یہ لمحات تاریخی ہیں شہری زیادہ سے زیادہ جشن آزادی کی تقریبات میں شرکت کریں ، جذبہ حب الوطنی اور دفاع پاکستان کے لئے افواج پاکستان کی شاندار کامیابیوں کو خراج تحسین پیش کریں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی نیشنل اسٹیڈیم میں 13اگست کو گرینڈ میوزیکل کنسرٹ میں مایہ ناز فنکار راحت فتح علی خان ،عا طف اسلم ،سجاد علی، صنم ماروی اور دیگر ممتاز فنکار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔اس موقع پر فول پروف سیکورٹی فراہم کر نے کے خصوصی اقدامات کیے گیے ہیں تمام انتظامات شرکا ء کی سہولتوں کو مدنظر رکھ کر کیے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پیر 11اگست سے شاہراہ قائدین پر آزادی قائدین کے ساتھ پروگرام13اگست تک جاری رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ 11اگست سے ہونے والی تین روزہ تقریبات میں شہد اء اور قائدین کے پورٹریٹس آویزاں کیے جائیں گے ،قومی ترانہ کے ساتھ پرچم کشائی ہوگی ،ملی اور قومی نغمے بجاے جائیں گے۔ اس موقع پر فلوٹ تیار کیا گیاہے جو گشت کرتا رہے گا جبکہ فلوٹ پر فنکار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔ اس موقع پر شاہراہِ کو رنگ برنگی قمقموں سے سجایا جارہا ہے اور پاکستانی پرچم لگائے جارہے ہیں۔

12اگست کومزار قائد کو روشنی (Projective Illumination)سے سجایا جائے گا ۔ضلع کیماڑی میں ڈپٹی کمشنر کے زیر انتظام جشن آزادی نائٹ کرکٹ میچ ہوگا، محکمہ اسپورٹس کے زیر انتظام اسپورٹس یوتھ سینٹر میں میجر کیپٹن سرور شہید اسپورٹس گالا ہوگا،13اگست کو ڈپٹی کمشنر ملیر سلیم اللہ اوڈھو ملیر گیریژن میں یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائیں گے اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کریں گے ۔

شاہرا ہ قائدین پر اسٹریٹ تقریبات ہونگیں محکمہ ثقافت کے زیر انتظام جشن آزادی اور معرکہ حق فلوٹ نکا لا جاے گا جبکہ محکمہ اسپورٹس کے زیر انتظام سائیکل ریس منعقد ہوگی جو فریر ہال سے شروع ہو گی اور مزار قائد پر ختم ہوگی، 13اگست کو ہی بلدیہ عظمی کراچی نے جہانگیر کوٹھاری پریڈ پر آتش بازی اور موسیقی کا پروگرام منعقد کیا ہے ،14 اگست کو مزار قائدپر پرچم کشائی ہوگی۔