کراچی ایئرپورٹ پر 8 کروڑ 40 لاکھ روپے مالیت کی ایمفیٹامین اسمگلنگ کی کوشش ناکام

Zohaib Mansha ذوہیب منشاء پیر 11 اگست 2025 00:19

کراچی ایئرپورٹ پر 8 کروڑ 40 لاکھ روپے مالیت کی ایمفیٹامین اسمگلنگ کی ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 اگست 2025ء) پاکستان کسٹمز نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پر منشیات کی اسمگلنگ کی ایک بڑی کوشش کو ناکام بنا دیا۔ کارروائی نائٹ شفٹ کے دوران بین الاقوامی روانگی ہال میں کی گئی۔ کسٹمز حکام کے مطابق، ایک خاتون مسافر شاہین سلیمان (پاسپورٹ نمبر MT5758621) کو اُس وقت حراست میں لیا گیا جب وہ گلف ایئر کی پرواز GF 751 کے ذریعے بحرین روانہ ہونے والی تھیں۔

کارروائی صبح 4 بج کر 38 منٹ پر عمل میں لائی گئی۔

(جاری ہے)

مسافر کے سامان کی تلاشی کے دوران کسٹمز اہلکاروں نے 5.56 کلو گرام ایمفیٹامین برآمد کی، جس کی مالیت تقریباً 8 کروڑ 40 لاکھ روپے بتائی جاتی ہے۔ منشیات کو نہایت مہارت سے ایک مٹی کے تنور میں چھپایا گیا تھا۔ ضبط شدہ منشیات کو قانونی طور پر تحویل میں لے کر ملزمہ کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے، جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔ کسٹمز حکام کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی کلیکٹر کسٹم عدیم خان کی قیادت میں کی گئی اور یہ پاکستان کسٹمز کے اس عزم کا مظہر ہے کہ منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے گی۔