اقلیتوں کا احترام اور تحفظ ہمارا آئینی فرض اور اخلاقی ذمہ داری ہے ، رانا مشہود احمد خاں

پیر 11 اگست 2025 15:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2025ء) چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے بین المذاہب ہم آہنگی ہی پائیدار اور روشن پاکستان کی بنیاد ہے۔پرائم منسٹر یوتھ پروگرام تمام مذاہب و اقوام کے نوجوانوں کو برابری کے مواقع فراہم کرتا ہے۔اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان تمام مذاہب، رنگوں اور اقوام کا مشترکہ وطن ہے ۔

اقلیتوں کا احترام اور تحفظ ہمارا آئینی فرض اور اخلاقی ذمہ داری ہے،ہم اقلیتوں کی خدمات کو سلام پیش کرتے ہیں اور ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، پاکستان کی تعمیر میں اقلیتوں کی قربانیاں اور خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی،یومِ اقلیت ہمیں قائد اعظم کے یکجہتی اور برابری کے اصولوں کی یاد دہانی کراتا ہے۔

(جاری ہے)

رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ نوجوانوں کی ترقی، مذہبی و نسلی امتیاز سے بالاتر ہو کر ممکن ہے، بین المذاہب ہم آہنگی ہی پائیدار اور روشن پاکستان کی بنیاد ہے،اقلیتوں کے بغیر پاکستان کا قومی وجود نامکمل ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہر شہری کو برابری اور باہمی احترام کا حق حاصل ہے،پرائم منسٹر یوتھ پروگرام تمام مذاہب و اقوام کے نوجوانوں کو برابری کے مواقع فراہم کرتا ہے،پرائم منسٹر یوتھ پروگرام بلا تفریق پاکستان کے ہر نوجوان کی آواز ہے، چاہے اس کا تعلق کسی بھی مذہب سے ہو۔