پاکستان ایک نظریہ، مشن اور خدا کی طرف سے عطا کردہ نعمت ہے، اس کی خودمختاری کا ہر قیمت پر دفاع کیا جائے گا،پارلیمانی سیکرٹری فرح ناز اکبر

پیر 11 اگست 2025 15:56

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2025ء) وزارت وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کی پارلیمانی سیکرٹری فرح ناز اکبر نے کہا ہے کہ پاکستان صرف نقشے پر موجود ملک نہیں بلکہ ایک نظریہ، ایک مشن اور خدا کی طرف سے عطا کردہ نعمت ہے ، اس کی خودمختاری کا ہمیشہ بھرپور دفاع کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو لوک ورثہ میں ’’معرکۂ حق‘‘ اور ’’جشنِ آزادی‘‘ کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا قیام 27ویں شبِ رمضان کو ہونا اس کے مقدس مقصد کی نشانی ہے جو کلمۂ طیبہ کے اصولوں پر مبنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک مقدس امانت ہے ہمیں اسے محفوظ رکھنا، اس کی خدمت کرنا اور یکجا ہو کر ترقی کی جانب بڑھنا ہے۔

(جاری ہے)

فرح ناز اکبر نے معرکۂ حق کی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم ان قربانیوں کو فراموش نہیں کر سکتے جو حق، عزت اور شناخت کے لیے دی گئیں تاکہ مسلمانوں کو ایک ایسا وطن مل سکے جہاں وہ آزادی کے ساتھ زندگی گزار اور عبادت کر سکیں۔

انہوں نے پاکستان کی مسلح افواج کو ان کی غیر معمولی جرات اور عزم پر سراہا اور آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی قیادت کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کی خدمت، قیادت اور نظم و ضبط قوم کا فخر اور امید ہے۔ انہوں نے حکومت کے تعلیم خصوصاً بچیوں کی تعلیم کے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ تعلیم ترقی کی بنیاد اور ایک پرامن و خوشحال پاکستان کا بنیادی ستون ہے۔\932