اسلام اور آئین پاکستان اقلیتوں کے حقوق کے ضامن ہیں‘حافظ محمد طاہرمحمود اشرفی

اسلام انسانیت کے احترام کا درس دیتا ہے،پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتوں کو پاکستان میں برابر کا شہری ہونے کے حقوق حاصل ہیں

پیر 11 اگست 2025 17:43

اسلام اور آئین پاکستان اقلیتوں کے حقوق کے ضامن ہیں‘حافظ محمد طاہرمحمود ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2025ء)چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ اسلام اور آئین پاکستان اقلیتوں کے حقوق کے ضامن ہیں، اسلام انسانیت کے احترام کا درس دیتا ہے،پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتوں کو پاکستان میں برابر کا شہری ہونے کے حقوق حاصل ہیں،پاکستان کے غیر مسلم شہریوں کو اپنی عبادت گاہوں میں اور اپنے تہواروں کے موقع پر اپنے اپنے مذاہب کے مطابق عبادت کرنے اور اپنے مذہب پر عمل کرنے کا پورا پورا حق حاصل ہے، پاکستان میں بسنے والے تمام مذاہب کو مذہبی ، سماجی ، سیاسی اور معاشی آزادی حاصل ہے اور ان کے جان و مال کا تحفظ اور عبادت گاہوں کی حفاظت حکومت پاکستان کی ہی نہیں مسلمانوں کی بھی بنیادی ذمہ داری ہے، حصول پاکستان میں مسلمانوں کے ساتھ ساتھ دیگر مذاہب کے لوگوں نے بھی بھرپور کردار ادا کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے خیالات کا اظہار اقلیتوں کے قومی دن کے حوالے سیمنعقدہ مختلف تقاریب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے مزید کہا کہ دینِ اسلام اعتدال اور رواداری پر مبنی اعلی انسانی و اخلاقی اقدار و تعلیمات کا پیامبر ہے۔ پیغمبرِ اسلام حضور نبی اکرم ﷺ کی صفات میں سے ایک سب سے نمایاں صفت آپ ﷺ کا رحم للعالمین ہونا ہے۔

اسلام کی تعلیمات میں اس قدر وسعت و رحمت ہے کہ دوسرے مذاہب کے ماننے والوں کو بھی جان و مال کا تحفظ فراہم کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں رہنے والے پابند آئین و قانون تمام غیر مسلم شہریوں کو جان و مال اور عزت و آبرو کے تحفظ اور ملکی سہولتوں سے فائدہ اٹھانے کے وہی تمام شہری حقوق حاصل ہیں جو پابند آئین و قانون مسلمانوں کو حاصل ہیں، پاکستان کے غیر مسلم شہریوں کو اپنی عبادت گاہوں میں اور اپنے تہواروں کے موقع پر اپنے اپنے مذاہب کے مطابق عبادت کرنے اور اپنے مذہب پر عمل کرنے کا پورا پورا حق حاصل ہے۔

انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان کے بعد سے آج تک اعلی عدلیہ، دفاع، تعلیم، میڈیکل کے شعبوں میں غیر مسلموں نے خدمات انجام دیں اور دے رہے ہیں۔اقلیتوں کا قومی ترقی میں کردار قابل ستائش ہے ۔