غزہ میں حالیہ انسانی تاریخ کا سب سے بڑا المیہ وقوع پذیر ہے‘ سعد رفیق

فلسطینیوں کا خون ناحق رنگ لا کے رہے گا،ظالم ، اس کے سہولت کار ،ظلم پر چپ رہنے والے سب بھگتیں گے

پیر 11 اگست 2025 22:16

غزہ میں حالیہ انسانی تاریخ کا سب سے بڑا المیہ وقوع پذیر ہے‘ سعد رفیق
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2025ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ غزہ میں حالیہ انسانی تاریخ کا سب سے بڑا المیہ وقوع پذیر ہے اسرائیل کی شیطانی ریاست امریکی حکمرانوں کی بدمست طاقت کے سائے تلے فلسطینیوں کی نسل کشی میں مصروف ہے۔

(جاری ہے)

ایکس پرجاری اپنے بیان میں سعد رفیق نے کہا کہ دنیا بھر میں اقوام عالم اور انسانی ضمیر کی چیخ و پکار کے باوجود صیہونیوں کے کان پر جوں تک نہیں رینگی ،مصلحتوں ، بزدلی اور کوتاہ نظری کا شکار مسلم حکمران کبوتر کی مانند آنکھیں بند کر کے محو ِ خواب ہیں۔

یہ ظلم عظیم قہر الٰہی کو دعوت دے رہا ہے ،دنیا ان دیکھی آفت کی جانب بڑھ رھی ہے،فلسطینیوں کا خون ناحق رنگ لا کے رہے گا،ظالم ، اس کے سہولت کار اور ظلم پر چپ رہنے والے سب بھگتیں گے۔