پی ڈی ایم اے پنجاب کا دریائے ستلج اور ملحقہ ندی نالوں میں سیلاب بارے الرٹ جاری

پیر 11 اگست 2025 17:43

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2025ء) پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے دریائے ستلج اور ملحقہ ندی نالوں میں سیلاب بارے الرٹ جاری کردیا ۔ترجمان پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق آئندہ 72 گھنٹوں بھارت کی جانب سے پانی چھوڑے جانے کا امکان ہے جس سے دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ کے مقام پر نچلے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ بالائی آبی ذخائر سے پانی کے اخراج کے باعث دریائے ستلج میں پانی کے بہا ئو میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ گزشتہ ہفتے کے دوران بھارتی ڈیمز میں پانی کی سطح میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔ پی ڈی ایم اے پنجاب نے لاہور، ساہیوال، بہاولپور، ملتان اور ڈیرہ غازی خان کے کمشنرز کو الرٹ جاری کردیا ہے جبکہ قصور، اوکاڑہ، پاکپتن، بہاولنگر، وہاڑی، لودھراں، بہاولپور، ملتان، مظفرگڑھ، راجن پور اور رحیم یار خان کے ڈپٹی کمشنرز کو بھی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق دریائے ستلج پر قائم بھاکڑا ڈیم 61 فیصد تک بھر چکا ہے۔ پونگ ڈیم میں پانی کا ذخیرہ 76 فیصد جبکہ تھین ڈیم میں 64 فیصد ہے۔ پی ڈی ایم اے ارسا اور محکمہ آبپاشی 24 گھنٹے دریائوں کی صورتحال کو مانیٹر کر رہے ہیں۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب عرفان علی کاٹھیا کی جانب سے لوکل گورنمنٹ، محکمہ زراعت، محکمہ آبپاشی، محکمہ صحت، محکمہ جنگلات، لائیو اسٹاک اور محکمہ ٹرانسپورٹ کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر تمام انتظامات پیشگی مکمل کریں۔ایمرجنسی کنٹرول رومز میں سٹاف کو 24 گھنٹے الرٹ رکھا جائے۔ ریسکیو 1122 کی ڈیزاسٹر رسپانس ٹیموں کو بھی ہائی الرٹ رکھا جائے۔عوام کو موجودہ صورتحال سے لمحہ بہ لمحہ آگاہ رکھا جائے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ عوام جاری کردہ احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کریں۔دریائوں، نہروں، ندی نالوں اور تالابوں میں ہرگز مت نہائیں ۔ہنگامی انخلا کی صورت میں انتظامیہ سے تعاون کریں اور شہری ایمرجنسی کی صورت میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔